Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب اتحاد کا حوثیوں سے اماراتی کارگو جہاز کو چھوڑنے کا مطالبہ

جہاز کو حدیدہ شہر کے قریب ہائی جیک کیا گیا ہے۔ فائل فوٹو: روئٹرز
عرب اتحاد نے پیر کو مطالبہ کیا ہے کہ حوثیوں کی طرف سے ہائی جیک کیے گئے متحدہ عرب امارات کے کارگو جہاز کو فوری طور پر چھوڑا جائے ورنہ ضرورت پڑنے پر ’طاقت کا استعمال‘ کیا جائے گا۔
عرب نیوز کے مطابق اس جہاز کو یمن کے ساحلی شہر حدیدہ کے قریب ہائی جیک کیا گیا۔
سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کی ایک رپورٹ نے عرب اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ’دہشتگرد حوثی ملیشیا جہاز کے خلاف بحری قزاقی کی مجرمانہ کارروائی کے نتیجے میں مکمل طور پر ذمہ دار ہوگی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کارروائی انسانی حقوق کے عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے بحری کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ملیشیا کو چاہیے کہ فوری طور پر جہاز کو چھوڑ دے ورنہ اس خلاف ورزی سے نمٹنے کے لیے اتحادی فورسز تمام ضروری اقدامات کریں گی، اس میں ضرورت پڑنے پر طاقت کا استعمال بھی شامل ہے۔‘
امارات کا روابی نامی جہاز یمن کے قریب سوکوٹرا جزیرے سے سعودی عرب میں جازان بندر گاہ تک ایک ہسپتال سے آلات لے کر آرہا تھا۔ جزیرے پر یہ ہسپتال سعودی عرب نے قائم کیا تھا۔
اس کارگو جہاز میں ایمبولینس، طبی آلات، ٹیلی کمیونیکیشن کی ڈیوائس، خیمے، کچن کا سامان اور تکنیکی اور سیکورٹی کی اشیا تھیں۔
عرب اتحاد کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حوثیوں کی یہ کارروائی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ یہ ملیشیا آبنائے باب المنداب اور جنوبی بحیرہ احمر میں  بحری نقل و حرکت اور عالمی تجارت کی آزادی کے لیے خطرہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حوثی مجرمانہ کارروائی کے مکمل طور پر ذمہ دار ہوں گے اور ان پر زور دیا ہے کہ جہاز کو فوری طور پر چھوڑا جائے ورنہ اتحادی فورسز ایکشن لیں گے، جس میں ضرورت پڑنے پر طاقت کا استعمال شامل ہے۔

شیئر: