Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیرین ایئر کا سعودی عرب کے لیے فضائی آپریشن میں توسیع کرنے کا اعلان

سیرین ایئر کے سی ای او صفدر ملک کے مطابق ہفتہ وار آٹھ پروازیں جدہ کے لیے چلائی جائیں گی۔ (فائل فوٹو)
پاکستان کی نجی فضائی کمپنی سیرین ایئر نے سعودی عرب کے لیے فضائی آپریشن میں توسیع کرتے ہوئے جدہ کے لیے مزید براہ راست پروازوں کا اعلان کیا ہے۔ 
سیرین ایئر کے چیف ایگزیکٹو صفدر ملک نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’سیرین ایئر نے سعودی عرب کے شہر جدہ کے لیے مزید پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس میں کراچی، لاہور اور پشاور سے براہ راست جدہ کے لیے پروازیں چلائی جائیں گی۔ 
اس سے قبل پاکستان کی نجی فضائی کمپنی نے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے لیے بین الاقوامی فضائی آپریشن کا آغاز کیا تھا جس میں اسلام آباد سے جدہ اور ریاض کے لیے پروازیں شامل تھیں۔
کورونا وبا کے باعث عائد کی گئی پابندیوں میں نرمی کے بعد اسلام آباد سے جدہ کے لیے فضائی آپریشن کا آغاز کیا گیا تھا۔ جس میں توسیع کرتے ہوئے انتظامیہ نے کراچی، لاہور اور پشاور سے بھی براہ راست باقاعدہ پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
سیرین ایئر کے سی ای او صفدر ملک نے بتایا کہ’ابتدائی طور پر ہفتہ وار آٹھ پروازیں جدہ کے لیے چلائی جائیں گی، جبکہ پروازوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔‘ 
سیرین ایئر کی جدہ کے لیے پرواز جمعہ، اتوار، پیر اور بدھ کے روز چلانے کا شیڈول طے کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے یکطرفہ ٹکٹ 75 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک مقرر کیا ہے جبکہ ہوٹل قرنطینہ پیکج بک کرانے کی بھی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ 
نجی ایئر لائن نے 2017 میں پاکستان میں مقامی طور پر فضائی آپریشن کا آغاز کیا تھا۔ سیرین ایئر کے فضائی بیڑے میں چار بوئنگ 737 اور تین ایئر بس اے 330 شامل ہیں۔ 

شیئر: