’ثقافت میں سرمایہ کاری‘: ورلڈ اکنامک فورم کے دوران ’سعودی ہاؤس‘ پویلین قائم
پویلین کا اہتمام وزارت اقتصادیات و منصوبہ بندی کی جانب سے کیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
ورلڈ اکنامک فورم کے دوران ’سعودی ہاؤس‘ پویلین قائم کیا گیا ہے جس کا اہتمام وزارت اقتصادیات و منصوبہ بندی کی جانب سے کیا گیا۔
کلچرل ڈیویلپمنٹ فنڈ کے تحت پویلین کا مقصد سعودی ثقافت کی اقتصادی قدر، قومی معیشت کو متنوع بنانے اور معیار زندگی کو بڑھانے میں اس کے کردار کو اجاگر کرنا، ثقافتی شعبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور سعودی کلچرل انٹرپرینیورشپ کے معیشت پر اثرات کو نمایاں کرنا ہے۔

ایس پی اے کے مطابق کلچرل ڈیویلپمنٹ فنڈ کے تحت ایک نیٹ ورکنگ بریک فاسٹ شامل ہے جس میں عالمی معاشی رہنماؤں اور مختلف ملکوں کے سرمایہ کاروں کو اکھٹا کیا جائے گا۔
ایونٹ کے ایک حصے کے طور پر ’ایک اقتصادی انجن کے طور پر ثقافت میں سرمایہ کاری‘ کے عنوان سے پینل مباحثے کی میزبانی کی جائے گی جس میں فنڈ کے سی ای او ماجد بن عبدالمحسن الحقیل کے علاوہ وزارت ثقافت کے سیکرٹری البراء بن مساعد العوھلی شرکت کریں گے۔

پینل مباحثے میں عالمی و مقامی سطح پرثقافت کی معاشی قدر کو اجاگر کیا جائے گا۔ ثقافتی اداروں کو مالی حل فراہم کرنے میں کلچرل ڈیویلپمنٹ فنڈ کے کردار پر بات کی جائے گی۔
ڈیووس میں سعودی ہاؤس کے زیر اہتمام مختلف ثقافتی منصوبوں کی کامیابی کی کہانیاں شیئر کی جائیں گی۔ اجلاس میں شہزادی نورہ بن سعود بن نایف، الاسکان کنسٹرکشن کمپنی کے سی ای او اور دیگر اہم شخصیات بھی شرکت کریں گی۔

یاد رہے کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان ورلڈ اکنامک فورم میں سعودی وفد کی سربراہی کر رہے ہیں۔
سعودی وفد عالمی استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے گورنمنٹ، بزنس، سول سوسائٹی اور تعلیمی اداروں کے لیڈرز کے ساتھ کھلی اور تعمیری بات چیت میں حصہ لے گا۔
