Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرمٹ کے بغیر حج پر جانے والوں کے خلاف سخت قوانین جاری

غیرقانونی حج پرجانے والوں کو سہولت فراہم کرنے پر50 ہزارریال جرمانہ ہوگا(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب میں وزارت داخلہ نےپرمٹ کے بغیرحج کرنے والوں کے لیے سخت سزائیں مقرر کردیں- حج انتظامات کو مؤثر بنانے، حج مقامات کا ماحول عبادت کے لیے ساز گار رکھنے، بدنظمی کو روکنے کے لیے مقررہ قوانین و ضوابط کی خلاف ورزیوں اور ان پر سزاؤں کا چارٹ جاری کردیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت داخلہ نے حج قوانین و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے  لیے قید، جرمانے اور حج سے محرومی کی سزائیں متعین کی ہیں۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جو سعودی شہری اور خلیجی تعاون کونسل میں شامل ممالک کے باشندے مقررہ قوانین و ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوں گے انہیں مندرجہ ذیل سزائیں دی جائیں گی۔

خلاف وزی کے مرتکب سعودی یا خلیجی شہری پر15 ہزار ریال جرمانہ ہوگا(فوٹو، ٹوئٹر)

جو سعودی یا خلیجی حج اجازت نامے کے بغیر منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں جائے گا اس پر 15 ہزار ریال جرمانہ ہوگا- اس کے ریکارڈ میں یہ بات لکھ دی جائے گی کہ اس نے اس سال حج کرلیا ہے اور دوبارہ خلاف ورزی پر آئندہ حج موسم میں سزا دگنی کردی جائے گی- 
جو سعودی یا خلیجی حج اجازت نامے کے بغیر مکہ مکرمہ  کے اطراف اس کی اندرونی بیلٹ منیٰ، مزدلفہ و عرفات کے اطراف اور الرصیفہ میں حرمین شریفین ٹرین سٹیشن پر پکڑا جائے گا اس پر دس ہزار ریال جرمانہ  ہوگا- خلاف ورزی دہرانے پر سزا دگنی ہوگی- حج مقامات سے باہر پکڑے جانے والے کو حج کا موقع نہیں دیا جائے گا- 
مذکورہ خلاف ورزیوں پر سزاؤں کا عمل درآمد ہر سال 28 ذی قعدہ سے ہوگا- مبینہ خلاف ورزیوں میں سے کسی ایک خلاف ورزی تیسری بار دہرائے جانے پر سعودی اور خلیجی شہری پر جرمانہ ہوگا- اسے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے بھی کیا جائے گا تاکہ وہ اس کے خلاف قید کی سزا کا فیصلہ کرسکے- قید کم از کم ایک ماہ اور زیادہ  سے زیادہ چھ ماہ کی ہوگی- پبلک پراسیکیوشن ہی اس کی بابت قانونی کارروائی کے احکام بھی جاری کرے گا- 
حج اجازت نامے نہ رکھنے والے عازمین کو مقامات حج لے جانے والے پر 50 ہزار ریال تک کا جرمانہ ہوگا- جتنے افراد کو لے جائے گا اسی تناسب سے جرمانے ہوں گے یا چھ ماہ تک قید کی سزا ہوگی- دونوں سزائیں بھی دی جاسکتی ہیں- عازمین کو حج مقامات پر لے جانے والی  گاڑی کو بھی ضبط کرلیا جائے گا- ضبطی کا فیصلہ عدالت سے جاری ہوگا اور ٹرانسپورٹر کی تشہیر بھی ہوگی- 
غیرسعودی اور غیر خلیجی حج قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہونے پر اسے مملکت سے بے دخل کردیا جائے گا- مملکت میں داخل ہونے سے  روک دیا جائے  گا- اس حوالے  سے وزیر داخلہ کے جاری کردہ لائحہ عمل کے مطابق کارروائی ہوگی- 
ہر سال 25 شوال  سے غیرملکیوں اور مملکت میں مقیم تارکین کو مکہ مکرمہ جانے سے روک دیا جائے گا-
اس سے وہ مقیم تارکین وطن مستثنی ہوں گے جو مکہ شہر میں سکونت پذیر ہوں اسی طرح سے وہ غیرملکی بھی مستثنی ہوں گے جو حج موسم میں وہاں کسی ذمہ  داری پر مامور ہوں گے بشرطیکہ ان کے پاس محکمہ پاسپورٹ سے اس کا پرمٹ موجود ہو-

مشاعر مقدسہ سے گرفتار ہونےوالے غیرقانونی عازم حج کوملک بدر کردیاجائے گا(فوٹو، ٹوئٹر)

یہ پابندی چھ ذی قعدہ  1427 ھ بمطابق 27 نومبر 2006 کو جاری کردہ شاہی فرمان کے بموجب نافذ کی جائے گی- 
وزارت داخلہ کی جانب سے اس امر کی صراحت کردی گئی ہے کہ اس کے ماتحت ادارے، سیکیورٹی فورسز کے معاون ادارے ہی حج قوانین و ضوابط کی خلاف ورزیاں کرنے والوں کے بارے میں کارروائی کے مجاز ہوں گے- 
وزارت داخلہ نے توجہ دلائی ہے کہ سزاؤں کے خلاف متعلقہ افراد فیصلے کی اطلاع ملنے کے 10 روز کے اندر ادارہ احتساب (دیوان المظالم) کے یہاں سزا کے فیصلے کو چیلنج کرسکتے ہیں- 

شیئر: