سعودی پروجیکٹ نے یمن سے ہزاروں دھماکہ خیز ڈیوائسز ہٹا دیں
اتوار 29 نومبر 2026 18:41
مسام کی ٹیموں نے 998,802 مربع میٹر رقبے کو محفوظ بنایا ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے پروجیکٹ فار لینڈ مائن کلیئرنس (جسے مسام کے نام سے جانا جاتا ہے) کے ارکان نے نومبر میں اب تک یمن کے مختلف علاقوں سے 4 ہزار 775 دھماکہ خیز ڈیوائسز کو ناکارہ بنایا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ان میں 4 ہزار396 پھٹنے سے رہ جانے والا آرڈیننس، 300 اینٹی ٹینک، 64 اینٹی پرسنل اور 15 دیسی ساختہ ڈیوائسز شامل ہیں۔
ایک ماہ کے دوران مسام کی ٹیموں نے 998,802 مربع میٹر رقبے کو عام شہریوں کے استعمال کے لیے محفوظ بنایا ہے۔
گزشتہ ہفتے کے دوران مسام کے ارکان نے ایک ہزار 176 دھماکہ خیز ڈیوائسز کو ہٹایا جبکہ 255.197 مربع میٹر رقبے کو محفوظ بنایا گیا۔
دھماکہ خیز مواد اور بارودی سرنگوں کو بلا تفریق زمین میں نصب کیا گیا تھا جس سے عام لوگوں، خاص طور پر بچوں، خواتین اور عمر رسیدہ افراد کے لیے سنگین خطرہ لاحق تھا۔
بارودی سرنگیں صاف کرنے کی کارروائیاں مارب، عدن، الجوف، شبوہ، الحدیدہ، لحج، صنعا، البیضا، الضالع اور صعدہ میں کی گئی ہیں۔

2018 میں مسام پروجیکٹ کے آغاز سے اب تک 6 لاکھ 4 ہزار 775 بارودی سرنگوں کو ہٹایا جا چکا ہے۔
اس مجموعی تعداد میں 7 ہزار 906 اینٹی پرسنل مائنز، ایک لاکھ 53 ہزار 684 اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں، 4 لاکھ 34 ہزار 456 پھٹنے سے رہ جانے والا آرڈیننس اور 8 ہزار 729 دیسی ساختہ ڈیوائسز شامل ہیں۔
پروجیکٹ کے تحت مختلف ٹیموں کو دیہات، سڑکوں اور سکولوں سے بارودی سرنگوں یا دھماکہ خیز مواد کو ہٹانے کا کام سونپا جاتا ہے تاکہ عام لوگ محفوظ رہتے ہوئے نقل و حرکت کر سکیں۔ انسانی امداد کی فراہمی کو آسان بنایا جا سکے۔

یہ پروجیکٹ مقامی انجینیئروں کو بارودی سرنگیں ہٹانے کی تربیت دیتا ہے انہیں جدید ڈیوائسز فراہم کرتا ہے اور دھماکہ خیز ڈیوائسز کی زد میں آکر زخمی ہونے والے یمنی شہریوں کی مدد کرتا ہے۔
سعودی عرب مسام پروجیکٹ کے تحت یمن سے بارودی سرنگیں صاف کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، جس کا مقصد سویلین سیفٹی کو بڑھانا، یمنی عوام کو محفوظ اور با وقار زندگی گزارنے میں مدد دینا ہے۔
