Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد کے عسکری مشیر کی جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات

میجر جنرل طلال عبدالله العتيبي نے پاکستانی فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ (فوٹو: آئی ایس پی آر)
سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے عسکری مشیر میجر جنرل طلال عبدالله العتيبي نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پیر کو راولپنڈی میں جی ایچ کیو میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی، افغانستان کی موجودہ صورتحال اور دونوں ممالک کے دوطرفہ دفاعی تعلقات پر بات کی گئی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان، مملکت کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو نہائیت اہمیت دیتا ہے اور اسلامی دنیا میں اس کے منفرد مقام کو تسلیم کرتا ہے۔
انہوں نے افغانستان میں انسانی بحران کو روکنے کے لیے امداد کی فراہمی کے لیے ایک ادارہ جاتی میکنزم کی تشکیل پر زور دیا۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے اقدامات کی اہمیت کو بھی بیان کیا۔
ملاقات کے دوران میجر جنرل طلال عبدالله العتيبي نے پاکستانی فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے افغانستان کی صورتحال میں پاکستان کے کردار، بارڈر میجمنٹ کی خصوصی کوششوں اور علاقائی استحکام میں کردار کو بھی سراہا۔
 

شیئر: