Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد نبوی کے خوبصورت ستونوں کی مقبولیت کیوں؟

مسجد نبوی کی پرانی عمارت میں 165 ستون ہیں- (فوٹو العربیہ)
مسجد نبوی کے 165 ستونوں پربنائے گئےخوبصورت ڈیزائن اور نقش و نگار کی   تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں- مسجد نبوی کے تمام ستون دائرہ نما ہیں اور پتھر سے  بنائےگئے ہیں-  
العربیہ نیٹ کے مطابق مسجد نبوی کی پرانی عمارت میں 165 ستون ہیں جو پتھر سے تیار کیے گئے ہیں ان کی شکل گول ہے- 
ستونوں کی سٹینڈ سے اوسط اونچائی 4.80 میٹر ہے جبکہ بالائی حصوں کو خوبصورت گل بوٹوں سے آراستہ کیا گیا ہے- سنگ تراشی کے ذریعے  ہار اور تاج نما  نقش ونگار بنائے گئے ہیں-  

انہی ستونوں پر روضہ نبویہ کے گنبد اٹھائے گئے ہیں- (فوٹو العربیہ)

مسجد نبوی کے ستون بیرونی عمارت سے ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے متوازن شکل میں ڈیزائن کیے گئے ہیں- جن  سے ان کا منظرمزید جاذب نظرہو گیا ہے-  
ستونوں میں کھڑکیاں بنائی گئی ہیں- مسجد نبوی کی دیواریں اور اس کے ستون 1300 برس سے زیادہ عرصے سے عربی رسم الخط کے حسن کے بھی آئینہ دار ہیں-  
مسجد نبوی میں 8 مزین ستون ہیں جنہیں ’اساطین‘ کہا جاتا ہے- ہر ستون کا کوئی نہ کوئی نام اور تاریخ ہے- سونے کے خط سے سونے کے فریم میں نام تحریر کیا گیا ہے- پس منظر سبز رکھا گیا ہے- انہی ستونوں پر روضہ نبویہ کے گنبد اٹھائے گئے ہیں- عہد رسالت میں  یہ ستون کھجور کی چھال کے ہوا کرتے تھے-  
مسجد نبوی کے ستونوں کے نام عہد رسالت میں سیرت نبویہ سے لیے گئے تھے- ستونوں کے نام سبز تختی کے ساتھ سنہرے رنگ سے تحریر ہیں-  

ایک اہم ستون اسطوانہ ’مخلقہ‘ کہلاتا ہے- (فوٹو الریاض)

مسجد نبوی کے اہم ستونوں میں سے ایک اسطوانہ ’مخلقہ‘ کہلاتا ہے- یہ کھجور کے اس تنے کی جگہ قائم کیا گیا ہے جس کا سہارا لے کر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم منبر بننے سے قبل خطبہ دیا کرتے تھے اور منبر بننے کے بعد اس کا سہارا ترک کرنے پر کھجور کا تنا ہچکیاں لے کر رویا تھا اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے محرومی کا شکوہ کیا تھا-  
یہ ستون ان دنوں قبلے کی جانب محراب رسالت سے متصل ہے اور اس پر یہ عبارت تحریر ہے کہ ’ھذہ اسطوانۃ المخلقۃ‘ اسے اسطوانہ المصحف بھی کہا جاتا ہے- اس کا ایک حصہ محراب نبوی میں ضم کردیا گیا ہے-  
مسجد نبوی کے معروف ترین ستونوں میں اسطوانہ عائشہ بھی ہے جسے ’القرعہ‘ اور ’المھاجرین‘ بھی کہا جاتا ہے- یہ منبر رسول کی جانب سے تیسرا ستون ہے- علاوہ ازیں رسول کریم  صلی اللہ  علیہ  وسلم کی قبر مبارک کی طرف سے بھی تیسرا اور قبلے کی جانب سے بھی تیسرا ہے- اس پر یہ عبارت تحریر ہے ’ھذہ اسطوانۃ عائشۃ‘ ۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: