Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کئی دہائیوں بعد گیبریئل گارشیا مارکیز کا راز منظر عام پر آ گیا

گابریئل گارسیا مارکیز کو دو ناولوں ’تنہائی کے سو سال‘ اور ’عہد وبا میں محبت‘ کی وجہ سے پوری دنیا میں شہرت نصیب ہوئی۔ (فوٹو: روئٹرز)
کولمبیا کے نوبیل انعام یافتہ مصنف گیبریئل گارشیا مارکیز نے کئی دہائیوں تک عوام سے اپنا یہ راز چھپائے رکھا کہ 1990 کی دہائی کے شروع میں ایک میکسیکن مصنفہ کے ساتھ  ازدواجی تعلق کے نتیجے میں ان کی ایک بیٹی پیدا ہوئی تھی۔
اس راز کو اتوار کو کولمبیا کے ایک اخبار ایل یونیورسل نے افشا کیا اور امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس سے بات کرتے ہوئے مارکیز کے دو رشتے داروں نے اس کی تصدیق کی۔
گیبریئل گارشیا مارکیز جو گابو کے نام سے مشہور تھے، ان کے دو ناولوں ’تنہائی کے سو سال‘ اور ’وبا کے دنوں میں محبت‘ کی وجہ سے انہیں پوری دنیا میں شہرت حاصل ہوئی تھی۔
مارکیز 2014 میں میکسیکو سٹی میں وفات پا گئے تھے، جہاں ان کے ہزاروں قارئین نے کنسرٹ ہال میں قطاروں میں لگ کر ان کا آخری دیدار کیا تھا۔
ان کی شادی مرسڈیز بارچا سے ہوئی تھی جسے ان کی وفات تک پانچ دہائیوں سے زیادہ وقت گزر چکا تھا۔ ان کے دو بیٹے ہیں جن کے نام روڈریگو اور گونزالو ہیں۔
ایل یونیورسل کے مطابق 1990 کی دہائی کے شروع میں مارکیز کی سوزانا کاٹو سے ایک بیٹی پیدا ہوئی تھی۔
سوزانا کاٹو ایک مصنفہ اور صحافی تھیں اور انہوں نے مارکیز کے ساتھ دو فلموں کے سکرپٹ پر بھی کام کیا تھا اور 1996 میں ایک میگزین کے لیے ان کا انٹرویو بھی کیا تھا۔
دونوں نے اپنی بیٹی کا نام اندرا رکھا جو اب 30 سے زائد سال عمر کی ہیں اور اپنی والدہ کی کنیت استعمال کرتی ہیں۔
شانی گارشیا مارکیز جو گیبریئل گارسیا مارکیز کی بھتیجی ہیں، انہوں نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ وہ کئی سالوں سے اپنی کزن اندرا کے بارے میں جانتی تھیں لیکن انہوں نے کبھی میڈیا میں اس کا ذکر نہیں کیا، کیونکہ ان کے والدین نے ہمیشہ انہیں اپنے چچا کی نجی زندگی سے دور رہنے کو کہا۔
گیبریئل گارشیا مارکیز کے بھتیجے گابریئل ایلیجیو ٹوریس گارسیا نے اس حوالے سے کہا کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے اندرا کاٹو سے رابطے میں رہے ہیں، اگرچہ وہ ان سے کبھی ذاتی طور پر نہیں ملے۔
انہوں نے کہا کہ ’میرے کزنز روڈریگو اور گونزالو نے ایک ری یونین کے دوران عام سے انداز میں مجھے اس کے بارے میں بتایا تھا۔‘
ایل یونیورسل کے مطابق مارکیز کے دیگر رشتے داروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ان کی بیٹی کے بارے میں مرسڈیز باچا کے احترام میں کبھی بات نہیں کی۔ مرسڈیز باچا اگست 2020 میں وفات پا گئی تھیں۔
اندرا کاتو اب میکسیکو سٹی میں ایک ڈاکیومینٹری پروڈیوسر ہیں۔ انہوں نے میکسیکو سے گزرنے والے تارکین وطن پر 2014 کی ایک ڈاکیومینٹری کے لیے کئی ایوارڈز جیتے۔

شیئر: