Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہوری ادب، حیدر آبادی بریانی اور ممبئی کی فلمیں

لاہور میں پنجابی ادب پر بھی خاصا کام ہو رہا ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا
اقوام متحدہ کے ثقافتی ادارے یونیسکو نے 66 نئے شہروں کو تخلیقی اہمیت کے حامل شہروں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ تازہ فہرست میں پاکستان کے شہر لاہور کو ادب، انڈیا کے شہر حیدرآباد کو گیسٹرونومی (فن طباخی) جبکہ ممبئی کو فلم کا تخلیقی شہر قرار دیا گیا ہے۔
یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل آڈری ازولے نے جمعرات کو ان شہروں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 'خیالوں اور تخلیقی عمل کی تجربہ گاہ کے طور پر یونیسکو کے تخلیقی شہر تخلیقی سوچ اور عمل کے ذریعے قابل عمل اہداف کے حصول میں واضح تعاون کرتے ہیں۔'
انھوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پھیلے یہ شہر اپنے آپ میں تہذیب و ثقافت کا ستون ہیں جو کہ نئی نسل کے لیے بطور خاص اہمیت کے حامل ہیں۔‘

پاکستان کے شہر لاہور کو ادب کا تخلیقی شہر قرار دیا گیا ہے۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)

نئے 66 شہروں کی شمولیت کے ساتھ اب یونیسکو کے تخلیقی شہروں کی مجموعی تعداد 246 ہو گئی ہے۔
حیدر آباد ایک زمانے سے اپنے مخصوص کھانوں کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ اس کی حلیم اور بریانی نے اب یونیسکو کو بھی اپنا گرویدہ بنا لیا ہے۔
گیسٹرونومی کے لحاظ سے جن بہترین نو شہروں نے فہرست میں جگہ بنائی ہے ان میں حیدر آباد کے علاوہ ترکی کا شہر افیون قرہ حصار، پیرو کا آرکیپا، برازیل کا بیلو ہاریزونٹے، آسٹریلیا کا بینڈیگو، اٹلی کا برگامو، میکسیکو کا میریڈا، جنوبی افریقہ کا اورسٹینڈ ہرمانوس، اکیواڈور کا پورتوویجو اور چین کا زہر یونگژاؤ شامل ہے۔

انڈیا کے شہر حیدرآباد کو گیسٹرونومی کے لحاظ سے تخلیقی شہروں کی فہرست میں شامل کیا ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)

ممبی انڈیا کی سب سے بڑا صنعتی شہر تو ہے ہی اسے یہ افتخار بھی حاصل ہے کہ وہاں انڈیا کی سب سے زیادہ فلمیں بنتی ہیں۔ یونیسکو نےممبئی کو فلموں کا تخلیقی شہر قرار دیا ہے۔ ممبئی کے علاوہ سپین کا شہر ولادولد، بوسنیا ہرزیگوینا کا شہر سراییوو، جرمنی کا پوٹسڈیم اور نیوزی لینڈ کا شہر ولنگٹن بھی شامل ہے۔
لاہور کو ادب کے معاملے میں تخلیقی شہر کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ لاہور میں نہ صرف اردو بلکہ پنجابی زبان میں بھی وسیع پیمانے پر ادب کی تخلیق ہو رہی ہے۔

یونیسکو نے ممبئی کو فلموں کا تخلیقی شہر قرار دیا ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)

لاہور کے علاوہ اس فہرست میں فرانس کا شہر اینگولیم، لبنان کا شہر بیروت، برطانیہ کا شہر ایکزیٹر، فن لینڈ کا شہر، کمہو، نیدرلینڈس کا شہر لیووارڈن، چین کا شہر نینجنگ، یوکرین کا شہر اوڈیسا، عراق کا شہر سلیمانی، کوریا کا شہر وون جو، اور پولینڈ کا شہر روکلا شامل ہیں۔
فن طباخی، فلم اور ادب کے علاوہ، میڈیا آرٹس، کرافٹس،فوک آرٹ، موسیقی اور ڈیزائننگ کے حوالے سے دیگر  شہروں کی تخلیقی صلاحیت کو بھی سراہا گیا ہے۔

شیئر: