Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کا خطرہ، ہانگ کانگ دو ہزار جانوروں کو ہلاک کر دے گا

حکام کے مطابق جن صارفین نے سات جنوری کے بعد سٹور سے ہیمسٹر خریدے ہیں ان کا سراغ لگایا جائے گا (فوٹو: اے پی)
ہانگ کانگ کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ پالتو جانوروں کی ایک دکان میں کورونا وائرس کے متعدد ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد تقریباً دو ہزار چھوٹے جانوروں کو ہلاک کر دیں گے جن میں ہیمسٹر (چوہوں کی ایک قسم) بھی شامل ہیں۔
خبر رساں ادارے ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق پالتو جانوروں کی دکان کے ملازم میں پیر کو ڈیلٹا ویریئنٹ کی تصدیق ہوئی اور کئی ہیمسٹرز جو نیدرلینڈ سے درآمد کیے گئے تھے ان کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا۔
محکمہ زراعت، ماہی گیری اور تحفظ کے حکام کا کہنا ہے کہ شہر ہیمسٹرز کی فروخت اور چھوٹے ممالیہ جانوروں کی درآمد کو بھی روک دے گا۔
یو ایس سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے مطابق جانور کورونا وائرس کو پھیلانے میں کوئی خاص کردار ادا نہیں کرتے تاہم ہانگ کانگ کے حکام کا کہنا ہے  کہ وہ جانوروں اور انسانوں کے درمیان وائرس کی منتقلی کے امکان کو مسترد نہیں کر رہے ہیں۔
سینٹر فار ہیلتھ پروٹیکشن کے ایک کنٹرولر ایڈون سوئی نے بتایا کہ ’ہم اس امکان کو خارج نہیں کر سکتے کہ دکاندار درحقیقت ہیمسٹرز سے متاثر ہوا تھا۔‘
ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر لیونگ سیو فائی نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ ’اگر آپ کے پاس ہیمسٹر ہے تو آپ کو اپنے ہیمسٹر کو گھر میں رکھنا چاہیے۔ انہیں باہر نہ نکالیں۔ تمام پالتو جانوروں کے مالکان کو ذاتی حفظان صحت کا خیال رکھنا چاہیے اور آپ کو اپنے ہاتھ دھونے چاہییں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اپنے پالتو جانوروں کو مت چومیں۔‘

محکمہ زراعت، ماہی گیری اور تحفظ کے حکام کا کہنا ہے کہ شہر ہیمسٹرز کی فروخت اور چھوٹے ممالیہ جانوروں کی درآمد کو بھی روک دے گا۔ (فوٹو: اے پی)

حکام نے بتایا ہے کہ احتیاطی اقدام کے طور پر جن صارفین نے سات جنوری کے بعد سٹور سے ہیمسٹر خریدے ہیں ان کا سراغ لگایا جائے گا اور انہیں لازمی قرنطینہ میں رکھا جائے گا اور انہیں اپنے ہیمسٹرز کو حکام کے حوالے کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہانگ کانگ میں پالتو جانوروں کی تمام دکانوں کو ہیمسٹرز کی فروخت بند کرنی چاہیے اور تقریباً 2,000 چھوٹے ممالیہ جن میں ہیمسٹر اور چنچیلا بھی شامل ہیں، انسانی طریقے سے مارے جائیں گے۔
جن صارفین نے 22 دسمبر سے ہانگ کانگ میں ہیمسٹر خریدے ہیں ان کی لازمی جانچ کی جائے گی اور انہیں تاکید کی جا رہی ہے کہ جب تک ان کے ٹیسٹ منفی نہیں آتے دوسروں سے رابطہ نہ کریں۔ اگر ان کے ہیمسٹرز کا ٹیسٹ مثبت آیا تو وہ قرنطینہ کریں گے۔
ہانگ کانگ میں جانوروں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیم (سوسائٹی فار دی پریوینشن آف کرولٹی ٹو اینیملز) کا کہنا ہے کہ وہ جانوروں کو مارنے کے فیصلے سے حیران اور فکر مندہے اور حکومت پر زور دیا ہے کہ ’اپنے نقطہ نظر پر نظرثانی کرنے سے پہلے کوئی سخت کارروائی نہ کرے۔

شیئر: