امریکہ: مسسی سیپی میں فائرنگ کے واقعات میں 6 افراد ہلاک، قتل کے الزام میں 24 سالہ شخص نامزد
جیل ریکارڈ کے مطابق سنیچر کی صبح سویرے داریکا ایم مور کو کلی کاؤنٹی جیل بھیج دیا گیا (فوٹو: اے پی)
امریکی ریاست مسسی سیپی میں پولیس حکام نے جمعہ کی رات ہونے والی باہم مربوط فائرنگ کے واقعات میں چھ افراد کی ہلاکت کے بعد 24 سال کے ایک شخص کو قتل کے الزام میں نامزد کر دیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق مشرقی مسسی سیپی کی کلی کاؤنٹی کے چیف شیرف ڈپٹی سٹیون وُڈرف نے تصدیق کی ہے کہ ’24 سال کے داریکا ایم مور کو ان ہلاکتوں کے سلسلے میں نامزد کیا گیا ہے۔‘
جیل ریکارڈ کے مطابق سنیچر کی صبح سویرے داریکا ایم مور کو کلی کاؤنٹی جیل بھیج دیا گیا۔ سٹون وُڈرف نے یہ نہیں بتایا کہ آیا مور کی نمائندگی کے لیے کوئی وکیل موجود ہے یا نہیں۔
کلی کاؤنٹی کے شیرف ایڈی سکاٹ نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں کہا کہ کاؤنٹی میں تشدد کے باعث متعدد بے گناہ جانیں ضائع ہوئیں، جو جیکسن سے قریباً 125 میل (200 کلومیٹر) شمال مشرق میں واقع ہے۔
شیرف نے وٹوا ٹی وی کو بتایا کہ تین مختلف مقامات پر ہونے والی فائرنگ میں چھ افراد ہلاک ہوئے۔
یہ فائرنگ دیہی علاقے سیڈر بلف میں ہوئی، جو کاؤنٹی کے صدر مقام ویسٹ پوائنٹ کے مغرب میں واقع ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ‘میں درخواست کرتا ہوں کہ آپ متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے تحقیقات میں مصروف ہیں اور جیسے ہی ممکن ہوا اس حوالے سے تازہ معلومات فراہم کی جائیں گی۔‘
مسسی سیپی بیورو آف انویسٹیگیشن نے تصدیق کی ہے کہ وہ تحقیقات میں مدد کر رہا ہے۔
