Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہشتگردی کے واقعات، صوبائی حکومتوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

 لوہاری گیٹ کے علاقے میں ہونے والے دھماکے میں تین افراد ہلاک جبکہ 26 زخمی ہوئے تھے (فوٹو: ایدھی فاؤنڈیشن)
پاکستان کی وزارت داخلہ نے لاہور کے انارکلی بازار میں پیش آنے والے دہشتگردی کے واقعے کے بعد تمام صوبائی حکومتوں اور پولیس حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
جمعے کو اسلام آباد میں وزارت داخلہ سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’انار کلی بازار، لاہور میں ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملے اور ریاست مخالف عناصر کی سرگرمیوں سے لاحق خطرات کے پیش نظر، تمام صوبائی اور خصوصی علاقوں کی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے انتہائی نگرانی اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے چوکس رہنے کی درخواست کی جاتی ہے۔'
نوٹیفیکیشن کے مطابق یہ الرٹ وزیر داخلہ شیخ رشید کی منظوری سے جاری کیا گیا۔
خیال رہے کہ جمعے کو سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ لاہور اور اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعات ہوئے ہیں۔
ان کے خطاب سے قبل پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے اسلام آباد اور لاہور میں دہشت گردی کے واقعات پر سوال اٹھایا تھا کہ 'کیا ملک دہشت گردی کی جانب جا رہا ہے اور کیا اس سے ثابت نہیں ہوتا کہ ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات کی پالیسی غلط تھی؟‘
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس صورتحال پر وزیر داخلہ کو ایوان میں بلایا جائے تاکہ وہ پارلیمنٹ کو آگاہ کریں۔
سینیٹر رضا ربانی کے سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لاہور اور اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعات ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں پولیس اہلکار کو ہلاک کرنے والے دو افراد کو پولیس نے ہلاک کیا، ان کے پاس سے چھ موبائل فون برآمد ہوئے۔
یاد رہے کہ لاہور میں حکام کے مطابق لوہاری گیٹ کے علاقے میں ہونے والے دھماکے میں تین افراد ہلاک جبکہ 26 زخمی ہوئے تھے۔
اس سے قبل اسلام آباد میں دہشت گردی کے ایک واقعے میں مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ناکے پر پولیس اہلکار کو ہلاک کیا تھا۔ جوابی کارروائی میں دونوں موٹر سائیکل سوار بھی مارے گئے تھے۔

شیئر: