امریکہ میں بندر لے جانے والے ٹرک کو حادثہ، متعدد بھاگ گئے
پولیس کا کہنا ہے کہ بندروں کو لیبارٹری لے جایا جا رہا تھا (فوٹو: اے پی)
امریکہ کی ریاست پنسیلوینیا میں بندروں سے بھرا ٹرک حادثے کا شکار ہو گیا جس کے بعد متعدد بندر بھاگ گئے۔
ایسوسی ایٹڈ ایٹڈ پریس نے ریاست کی پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ٹرک میں تقریباً 100 بندر تھے جن کو دوسرے شہر لے جایا رہا تھا تاہم جمعے کو وہ اس وقت حادثے کا شکار ہو گیا جب سامنے سے آنے والے ڈمپر سے اس کی ٹکر ہو گئی، اور وہ بے قابو ہو کر الٹ گیا۔
حادثے کے نتیجے میں ٹرک کے پچھلے حصے میں موجود بندر اس وقت باہر نکل گئے جب کچھ حصہ ٹوٹ گیا۔
اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، زیادہ تر بندر ٹرک میں ہی موجود تھے، تاہم کچھ پڑنے والے شگاف کی مدد سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے۔
پولیس کی جانب سے مقامی لوگوں کو بتایا گیا ہے کہ وہ گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے بند رکھیں کیونکہ بندر گھسنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بندروں کو لیبارٹری میں لے جایا جا رہا تھا۔
پولیس نے ایک ہیلپ لائن کا نمبر بھی مقامی لوگوں کو دیا ہے کہ اگر کہیں کوئی بندر نظر آئے تو اس پر اطلاع دی جائے۔
دوسری جانب مقامی انتظامیہ کی ٹیمیں لاپتہ ہو جانے والے بندروں کی تلاش کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔
حادثے میں کسی انسان یا جانور کے ہلاک یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔