Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معاون خصوصی کی جدہ آمد، ’نئے ویزوں کے اجرا سمیت دیگر امور پر بات ہوگی‘

معاون خصوصی ایوب آفریدی کمیونٹی کی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ایوب آفریدی سعودی عرب کے دورہ پر جدہ پہنچ گئے ہیں۔  
دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو فروغ دینا، پاکستان سے افرادی قوت بھیجنے میں اضافہ اور پاکستانی کمیونٹی کے مسائل سے واقفیت اور ان کے حل کے بارے میں اقدامات کا جائزہ لینا ہے۔ 
سپیکر اسد قیصر سعودی عرب میں سعودی مجلس شوریٰ کے سربراہ اور اراکین کے علاوہ دیگر سعودی حکام سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ پاکستانی کمیونٹی سے بھی ان کی ملاقاتیں ہوں گی۔  
دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز ایوب آفریدی سعودی وزارت محنت کے حکام، مختلف کمپنیوں کے سربراہان اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔  
ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، پاکستان سے مزید افراد کی سعودی عرب روانگی، نئے ویزوں کے اجراء اور ورکرز کو درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔  
معاون خصوصی جدہ اور اپنے دورے کے اگلے مرحلے میں دبئی میں پاکستانی کمیونٹی کے اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔    
معاون خصوصی برائے اوورسیز ایوب آفریدی کو سعودی لیبر قوانین میں ہونے والی تبدیلیوں، لیبر مارکیٹ کی صورت حال اور پاکستانی سفارت خانے اور قونصل خانے میں ورکرز کے لیے فراہم کی گئی سہولیات بارے بریفنگ بھی دی جائے گی۔  
پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ملاقاتوں میں وہ ان کو درپیش مسائل، موجودہ حکومت کے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے کیے گئے اقدامات پر بات چیت ہوگی اور ان اقدامات کے بارے میں اوورسیز پاکستانیوں کا ردعمل بھی معلوم کیا جائے گا۔   
خیال رہے کہ سعودی عرب میں 26 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں اور ہر سال پاکستان سے لاکھوں کے حساب سے نئے ورکرز بھی سعودی عرب کا رخ کرتے ہیں۔ کورونا وبا میں پابندیوں کے باوجود گزشتہ دو برس میں تین لاکھ سے زائد، جبکہ تین برس میں چھ لاکھ سے زائد پاکستانی روزگار کے سلسلہ میں سعودی عرب گئے ہیں۔  

دورہ سعودی عرب سے واپسی پر معاون خصوصی ایوب آفریدی متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے. (فوٹو: ٹوئٹر)

ترسیلات زر کے معاملے میں بھی سعودی عرب میں مقیم پاکستانی دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں سے آگے ہیں۔  
دورہ سعودی عرب سے واپسی پر معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز ایوب آفریدی متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے جہاں وہ اماراتی حکام سے ملاقاتیں کریں گے جن میں اوورسیز پاکستانیوں کی بہتری کے اقدامات سمیت دیگر امور پر بھی بات چیت ہوگی۔   
معاون خصوصی کمیونٹی کی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے اور ان کے مسائل سنیں گے۔

شیئر: