Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں جہاز کیوں نہیں اُڑتے؟

حرم شریف کے تقدس کی وجہ سے سعودی حکومت نے پابندی عائد کی (فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی پائلٹ عبداللہ صالح الغامدی کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ کی فضائی حدود سے جہازوں کے نہ گزرنے کی واحد وجہ سعودی حکومت کی جانب سے اس روٹ کو اختیار کرنے پر پابندی کا عائد کرنا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق سعودی ہوابازی کے ماہر پائلٹ عبداللہ الغامدی کی جانب سے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو پیغام میں سوشل میڈیا پر کیے جانے والے ان دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ مکہ مکرمہ مقناطیسی فیلڈ کے مضبوط حصار میں ہونے کی وجہ سے شہرمقدس کی فضاوں میں کوئی جہاز نہیں اڑ سکتا۔
پائلٹ الغامدی نے مزید کہا کہ اس کی اصل وجہ کوئی مقناطیسی میدان نہیں بلکہ سعودی حکومت کی جانب سے حرم شریف کے تقدس کو مدنظر رکھتے ہوئے فضائی کمپنیوں کو جو روٹ دیا گیا ہے اس میں مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
الغامدی کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی افواہیں غیرمعمولی طور پر مقبول ہوئیں جنہیں محض چند گھنٹوں میں 25 لاکھ سے زائد ویوز ملے۔
انہوں نے ان باتوں کی تردید کرتے ہوئے وضاحت کی کہ اس حوالے سے پہلے بھی متعدد بار وضاحت کی جا چکی ہے کہ حرم شریف کے تقدس کے پیش نظر وہاں فضائی روٹ نہیں رکھا گیا۔
فضائی روٹ نہ رکھنے کی دوسری وجہ بیان کرتے ہوئے الغامدی کا کہنا تھا کہ اس کی سائنسی وجہ یہ ہے کہ مکہ مکرمہ بلند وبالا پہاڑوں میں گھرا ہوا ہے جہاں ہوا کا دباؤ کافی ہوتا ہے جب جہاز وہاں سے گزرتے ہیں تو ہوا کے دباؤ کی وجہ سے شور زیادہ ہو جاتا ہے جو مسجد الحرام میں موجود زائرین اورعازمین کے لیے باعث پریشانی ہوتا اسی لیے سعودی حکومت نے وہاں فضائی روٹ پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔

شیئر: