Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب لیگ حوثی ملیشیا کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے پر متفق

حوثیوں کو غذائی اشیا ضبط کرنے سے باز رکھا جائے۔ (فوٹو ایس پی اے)
عرب لیگ نے متحدہ عرب امارات پر حوثیوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حوثی ملیشیا کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا جائے۔
الشرق الاوسط کے مطابق عرب لیگ میں متعین رکن ملکوں کے مندوبین نے ہنگامی اجلاس کرکے امارات کی سول تنصیبات اور آبادی پر حوثیوں کے دہشت گردانہ حملے کو مسترد کردیا۔
عرب لیگ کے رکن ملکوں نے امارات کو امن و استحکام کے حوالے سے درپیش ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں مکمل تائید و حمایت کا یقین دلایا۔
یاد رہے کہ امارات میں ابوظبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور مصفح آیکاد 3 پر 3 کروز میزائل داغے گئے تھے جن سے تین آئل ٹینکرز میں دھماکہ ہوا تھا- تین افراد ہلاک اور چھ بے قصور شہری زخمی ہوئے تھے۔
عرب لیگ نے کہا ہے کہ امارات پر حوثیوں کے دہشت گردانہ حملے بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ یہ حملے عالمی معیشت کے استحکام، توانائی کی رسد اور اہم سول تنصیبات کے لیے حقیقی خطرہ ہیں۔ یہ علاقائی امن و سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہیں۔ ان حملوں سے عربوں کی قومی سلامتی سبوتاژ ہورہی ہے۔ یہ عالمی امن و سلامتی کے لیے نقصان دہ اور بین الاقوامی تجارتی جہاز رانی کے لیے خطرہ  ہیں۔
عرب لیگ نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے کہا ہے کہ سعودی عرب اور امارات پر حوثیوں کے حملوں کے خلاف مشترکہ فیصلہ کن موقف اپنایا جائے اور اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں-
شہریوں کے خلاف حوثیوں کے مسلسل وحشیانہ حملے روکنے، انہیں سبق سکھانے کے لیے اقدامات کیے جائیں- انہیں انسانی امداد کی ترسیل میں رکاوٹیں پیدا کرنے سے روکا جائے- حوثیوں کو غذائی اشیا ضبط کرنے سے باز رکھا جائے-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: