بلوچستان: پوست کی فصل کے خلاف آپریشن سے واپسی پر ایف سی پر بم حملہ، 5 اہلکار جان سے گئے
پیر 16 مارچ 2026 21:43
زین الدین احمد، -اردو نیوز، کوئٹہ
ڈی ایس پی دکی آصف خجک نے تصدیق کی کہ دھماکے میں پانچ اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں سوموار کو ایک بم دھماکے میں فرنٹیئر کور کے پانچ اہلکار جان سے گئے۔ حکام کے مطابق واقعہ کوئٹہ سے تقریباً 320 کلومیٹر دور ضلع دکی میں پیر کو اس وقت پیش آیا جب فرنٹیئر کور، اینٹی نارکوٹیکس فورس اور پولیس کے اہلکار پوست کی کاشت کے خلاف مشترکہ کارروائی مکمل کرکے واپس آ رہے تھے۔
پولیس کے مطابق دکی سے تقریباً 70 کلومیٹر دور کلی بختیار آباد کے مقام پر فرنٹیئر کور کی گاڑی ندی عبور کر رہی تھی کہ اس دوران نامعلوم افراد کی جانب سے نصب کیا گیا بم دھماکے سے پھٹ گیا جس سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
ڈی ایس پی دکی آصف خجک نے تصدیق کی کہ دھماکے میں پانچ اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
بلوچستان میں حالیہ برسوں میں پوست کی کاشت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ اگست2025 میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بتایا تھا کہ صرف سال کے ابتدائی آٹھ ماہ میں 36ہزار ایکڑ پر پوست کی کاشت کو تلف کیا گیا۔ دکی کو صوبے کے اہم پوست کے مراکز میں شمار کیا جاتا ہے اور حکومت نے یہاں کے درجنوں زمینداروں کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا ہے۔
جغرافیائی ڈیٹا جمع کرنے والی کمپنی الکسس (Alcis) نے اگست 2025 میں پوست کی کاشت سے متعلق ایک خصوصی رپورٹ میں دکی کی سیٹلائٹ تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ بعض علاقوں میں کل زرعی رقبے کا تقریباً 70فیصد صرف پوست ہی نظر آرہی ہے۔
بلوچستان کے سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ پوست کی کاشت سے حاصل ہونے والی رقم عسکریت پسند گروہوں کے ہاتھوں میں جا رہی ہے اور پوست کے خلاف کارروائیوں پر کالعدم تنظیمیں حکومتی اہلکاروں اور فورسز کو نشانہ بنا رہی ہیں۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حمزہ شفقات نے گزشتہ دنوں ایک تقریب میں بتایا کہ ’نوشکی میں 31 جنوری کے حملے کے لیے دہشت گردوں نے پوست کی کاشت سے حاصل شدہ وسائل استعمال کیے تھے۔‘
انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر 7مارچ کی ایک پوسٹ میں کہا کہ مارچ میں ضلع واشک میں 700 ایکڑ پر منشیات کی غیر قانونی کاشت کو تلف کیا گیا جس کے جواب میں ’فتنہ الہندوستان‘ کی حمایت یافتہ ڈرگ مافیا نے ایس پی کے گھر پر حملہ کیا اور آگ لگا دی۔
حمزہ شفقات نے 28 جنوری کو ایک اور پوسٹ میں بتایا تھا کہ بلوچستان کے ضلع واشک میں پوست کی کاشت کے خلاف آپریشن کے دوران ڈپٹی کمشنر اور ایف سی اہلکاروں پر حملے کیے گئے جس میں ایک اہلکار زخمی ہوا تاہم جوابی کارروائی میں تین دہشت گرد ہلاک اور بڑے رقبے پر پھیلی منشیات تلف کی گئی۔
