Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشرقی ریجن میں مچھلیوں کے بڑے خلیجی جزیرے کا افتتاح

یہ خلیج کے علاقے کی اہم مچھلی مارکیٹ ہوگی۔ (فوٹو العربیہ)
گورنر مشرقی ریجن شہزادہ سعود بن نایف آل سعود نے القطیف میں مچھلیوں کے ایک جزیرے کا افتتاح کیا ہے۔ یہ خلیج عرب میں مچھلیوں کا سب سے بڑا جزیرہ ہے۔ اس موقع پر وزیر بلدیات و دیہی و آباد کاری امور ماجد الحقیل بھی موجود تھے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق الشرقیہ کے میئر فہد الجبیر نے کہا کہ مچھلیوں کا جزیرہ سیاحوں اور مچھلیوں کے  تاجروں کی آماجگاہ بن جائے گا۔ یہ منصوبہ مختلف انداز سے نافذ کیا گیا ہے- یہاں سرمایہ کاروں کے لیے بڑے  امکانات ہیں- کاروباری سرگرمیاں تیز ہوں گی۔
یہ جزیرہ پورے علاقے میں خوشحالی کا باعث بنے گا۔ الشرقیہ کے نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع ہاتھ آئیں گے- اس پر 80 ملین ریال کی لاگت آئی ہے- جزیرے کا رقبہ ایک لاکھ  20 ہزار مربع میٹر ہے- یہ القطیف بندرگاہ کے قریب واقع ہے۔
یہاں چھ ہزار مربع میٹر کے پلاٹ پر مچھلی بازار قائم کیا گیا ہے- ریٹیل کی دکانیں کھولی گئی ہیں۔ تھوک کے کاروبار کے لیے الگ سے ایک حصہ مختص کیا گیا ہے- کاروباری مراکز کے لیے جگہیں مختص کی گئی ہیں۔ برف کا کارخانہ لگایا گیا ہے- مچھلیاں فروخت کرنے کے لیے گودام اور کولڈ سٹوریج کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔
قطیف کمشنری میں بڑی مچھلی منڈی ختم کرکے اسے مچھلیوں کے جزیرے میں منتقل کردیا گیا ہے۔ یہ خلیج کے علاقے کی اہم مچھلی مارکیٹ ہوگی۔ یہاں مچھلیاں وافر مقدار میں پیدا ہوتی ہیں- مختلف قسم کی مچھلیاں  یومیہ سو سے دو سو ٹن تک اس مارکیٹ میں لائی جائیں گی۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: