Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہراہ پر ایک شخص کو گاڑی سے روندنے کی وڈیو وائرل، ملزمان کی گرفتاری کا حکم

 دس برس تک قید اور دس لاکھ ریال تک کا جرمانہ ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی پبلک پراسیکیویشن نے شاہراہ پر ایک شخص کو گاڑی سے روندنے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا حکم جاری کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق پبلک پراسیکیوشن کے عہدیدار نے بیان میں کہا کہ’ جارحانہ حملے بڑے جرائم میں آتے ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری ضروری ہے‘۔
بیان میں پبلک پراسیکیوشن کے عہدیدار نے کہا کہ ’جو بھی شخص افراد یا املاک کی سلامتی کو خطرات لاحق کرے گا اس کا تعاقب کیا جائے گا۔ مقررہ قانون کے مطابق اسے گرفتار کیا جائے گا‘۔
عہدیدار نے کہا کہ’ اسلامی شریعت اور قانون نے تمام افراد کو سلامتی کا حق دیا ہے۔ اسے چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی جو شخص بھی کسی پر حملے کا مرتکب ہوگا یا اس  سلسلے میں براہ راست یا بالواسطہ مدد کرے گا یا حملے پر اکسائے گا یا کسی طرح سے اس  کا حصہ بنے گا اسے سزا ملے گی‘۔ 
اخبار 24 کے مطابق سعودی خاتون وکیل راویہ المالکی کا کہنا ہے کہ’ شاہراہ پر گاڑی سے روندنے کا عمل قابل سزا بڑا جرم ہے۔ دس برس تک قید اور دس لاکھ ریال تک کا جرمانہ ہے۔ علاوہ ازیں جج صوابدیدی اختیار کے مطابق بھی سزا دے سکتا ہے‘۔ 

 

شیئر: