سعودی عرب نے بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دہشتگرد حملے کی سخت مذمت کی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں حملے کو واضح طور پرمسترد کرتے ہوئے اسے عراق اور خطے کے امن وسلامتی کےلیے سنگین خطرہ قراردیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دہشتگردوں کی جانب سے میزائل حملے نہ صرف جمہوریہ عراق کی سلامتی بلکہ خطے میں فضائی سفرکو بھی شدید خطرے کا سامنا ہے‘۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے دہشتگردی کے حوالے سے اپنے موقف کی تائید کرتے ہوئے مزید کہا گیا کہ’ سعودی عرب ہمیشہ سے ہرطرح کی دہشتگردی کے خلاف ہے اوراس کی بھرپورمذمت کرتا ہے‘۔
وزارت خارجہ نے برادر ملک جمہوریہ عراق کے ساتھ اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے’ ہرقسم کی دہشتگردی اور انتہا پسندی کومسترد کرنے کے حوالے سے مملکت کے موقف کی توثیق کی ہے‘۔
یاد رہے کہ عراق کے فوجی حکام نے بتایا تھا کہ بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تنصیبات پر چھ راکٹ گرے جس سے وہاں کھڑے دو کمرشل طیاروں کو نقصان پہنچا تاہم کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔
داغے گئے راکٹ ویٹنگ ایریا میں کھڑے قومی ائیر لائن عراقی ایر ویز کے طیاروں پر لگے۔