Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تھائی لیبر اور سیاحتی شعبے سعودی عرب میں مواقع کے منتظر

تھائی وزیر اعظم نے دورے کے دوران معاہدوں پر دستخط کیے ہیں( فوٹو ایس پی اے)
تھائی لینڈ کے لیبر اور سیاحت کے شعبے کے سٹیک ہولڈرز نے کہا ہے کہ وہ تھائی وزیر اعظم کے دورۂ ریاض کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کے تناظر میں سعودی عرب میں مواقع تلاش کرنے کے منتظر ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق تھائی لینڈ کے وزیراعظم برایوت چن اوچا ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر تین دہائیوں سے زائد عرصے کے درمیان پہلی اعلیٰ قیادت کے اجلاس کے لیے 25 اور 26 جنوری کو سعودی دارالحکومت میں تھے۔
اس دورے کے دوران دستخط کیے گئے معاہدوں میں سے ایک لیبر تعاون کا معاہدہ تھا جس کے بارے میں جسے تھائی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ توقع ہے کہ دو ماہ کے اندر اس پر عمل درآمد ہو جائے گا۔
سعودی عرب کسی زمانے میں تھائی تارکین وطن کے لیے ایک مقبول منزل تھا جہاں 1980 کی دہائی کے دوران تین لاکھ سے زیادہ تھائی ورکرز مملکت میں رہتے اور کام کرتے تھے۔
تھائی لینڈ کی وزارت محنت کے اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب میں فی الحال ایک ہزار 350 سے کم تھائی کارکن ہیں جو بنیادی طور پر ویلڈر، ٹیکنیشن اور گھریلو عملے کے طور پر کام کرتے ہیں۔
تھائی اوورسیز مین پاور کی ایسوسی ایشن کی چیئرمین ارنیا ساکولکوسول نے عرب نیوز کو بتایا کہ سفارتی تعلقات کی بحالی ’اچھی خبر ہے‘ کیونکہ سعودی عرب ترقی پذیر منصوبے پر کام کر رہا ہے جو تھائی مزدوروں کو خاص طور پر ہنر مندوں کو موقع فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ کئی سالوں سے سعودی عرب میں مواقع میں دلچسپی تھی جیسا کہ ماضی میں مملکت میں کام کرنے والے بہت سے لوگ واپسی پر خود کو قائم کرنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
ساکولکوسول نے مزید کہا کہ ’ ایسوسی ایشن توقع کرتی ہے کہ حکومت کے منصوبے پر عمل کرتے ہوئے دو ماہ کے اندر پائلٹ گروپ کو سعودی عرب میں کام کرنے کے لیے بھیجنا شروع کر دیا جائے گا۔ ہم دیکھیں گے کہ تھائی کارکن سعودی عرب میں آجر کے ساتھ کس طرح ایڈجسٹ ہوتے ہیں۔‘

تھائی لینڈ مزید سیاحوں کی آمد کے لیے تیاری کر رہا ہے(فوٹو ایس پی اے)

سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) کی جانب سے مئی میں تھائی لینڈ کے لیے براہ راست پروازیں دوبارہ شروع کرنے کے منصوبے کے اعلان کے بعد تھائی لینڈ بھی سعودی عرب سے مزید سیاحوں کی آمد کے لیے تیاری کر رہا ہے۔
تھائی حکومت نے اندازہ لگایا ہے کہ سعودی عرب سے آنے والوں وزیٹزر کی تعداد میں اضافے سے اس کی معیشت کے لیے اضافی 150 ملین ڈالر حاصل ہوں گے۔
تھائی لینڈ کی ٹورازم اتھارٹی کے ڈپٹی گورنر چتن کنجارا نا ایودھیا نے عرب نیوز کو بتایا کہ کورونا کی وبا نے یہ اندازہ لگانا مشکل بنا دیا ہے کہ کتنے سعودی باشندے ہمارے ملک کا دورہ کریں گے، ہم دو شاندار ایریاز پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے تھے جو مسافروں کو اپنی طرف متوجہ کر سکیں۔ میڈیکل اور شاپنگ ٹورازم۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم فعال مارکیٹنگ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں بشمول ایئر لائن اور ٹریول ایجنسیوں کے ساتھ پروموشن پلان بنانا۔ہم نے بہت سی ایجنسیوں کے ساتھ  پہلے شراکت داری کی ہے وہ مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک جیسے کہ متحدہ عرب امارات یا اردن پر مرکوز ہیں۔ اب ہم سعودی عرب پر بھی توجہ دیں گے۔‘

شیئر: