Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلامی فوجی اتحاد کسی ملک کے خلاف نہیں ،تہمینہ جنجوعہ

اسلام آباد..سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے پھر واضح کیا ہے کہ پاکستان مسلم ممالک کے تنازعات میں فریق نہ بننے کی پالیسی پر کاربند ہے۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے اجلاس میں سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ 41 رکنی اسلامی فوجی اتحاد دہشت گردی کے خلاف ہے، کسی ملک کے خلاف نہیں۔انہوں نے کہاکہ کسی بھی ریٹائرڈ فوجی افسر کو کہیں بھی ملازمت کا حق حاصل ہے۔ جنرل راحیل کسی طور ایرانی مفاد کے خلاف کام نہیں کرسکتے۔ چاہتے ہیں کہ اسلامی ممالک دہشت گردی کے خلاف اکھٹے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران اور سعودی عرب کے مابین کشیدگی کم کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ سعودی عرب، ایران اور یمن کے بارے میں پاکستان کی پالیسی میں کوئی بھی تبدیلی نہیں آئی۔ عمان 41 واں ملک ہے جس نے اسلامی اتحاد میں شمولیت اختیار کی ہے۔ عمان وہ ملک ہے جس کے پاکستان کی طرح ایران اور سعودی عرب سے بھی قریبی تعلقات ہیں۔ پاکستان اور ایران کے درمیان کوئی سرحدی تنازعہ نہیں، برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ ایران پر سے بین الاقوامی پابندیاں اٹھائے جانے کے بعد تجارتی تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے، جلد پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ ایران اور پاکستان کی باہمی تجارت 318 ملین ڈالر ہے۔ ایران سے پابندیوں کے خاتمے کے بعد تجارت مزید بڑھے گی۔دونوں ملکوں کے درمیان آزاد تجارت کا معاہدہ بھی ہوگا۔

 

شیئر: