Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 29 رنز سے ہرادیا

پشاور زلمی کی جانب سے سب سے زیادہ 49 رنز حیدر علی نے بنائے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 7) کے نویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 29  رنز سے ہرا دیا ہے۔
پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے بدھ کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ٹاس جیتنے کے بعد لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔
قلندرز کی جانب سے سب سے زیادہ رنز اوپنر فخر زمان نے بنائے۔ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بیٹسمین نے 38 گیندوں پر 66 رنز بنائے۔
قلندرز کے دوسرے اوپنر عبداللہ شفیق نے 31 گیندوں پر 41 رنزبنائے جبکہ کامران غلام 30 اور ڈیوڈ ویزا بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔
 محمد حفیظ 19 گیندوں پر 37 اور راشد خان آٹھ گیندوں پر 22 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے سلمان ارشاد نے چار اوورز میں 47 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عثمان قادر اور حسین طلعت نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
زلمی کی بیٹنگ لائن 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پہلے ہی اوور سے لڑکھڑاتی دکھائی دی جب حضرت اللہ زازئی بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
پشاور زلمی کی جانب سے سب سے زیادہ 49 رنز حیدر علی نے بنائے، جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔
حسین طلعت نے 15، شعیب ملک نے سات، شرفین ردرفورڈ نے 21 اور بین کٹنگ نے 10 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے زمان شاہ نے تین، شاہین شاہ آفریدی اور ڈیوڈ ویزا نے دو دو جبکہ راشد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

شیئر: