Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب اتحاد کا حوثیوں کے الزامات پر اقوام متحدہ کے ساتھ معلومات کا تبادلہ

اقوام متحدہ کے ماہرین کی ٹیم جلد مزید معلومات کے لیے دورہ کرے گی( فوٹو ایس پی اے)
عرب اتحاد برائے یمن نے کہا ہے کہ یمن میں اقوام متحدہ کے انسانی امور کے رابطہ کار ڈیوڈ گریسلی کے ساتھ بامقصد ملاقات ہوئی ہے۔
الاخباریہ کے مطابق عرب اتحاد کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ اس موقع پر صعدہ جیل پر حملے سے متعلق حوثیوں کے الزامات کے حوالے سے معلومات کا تبادلہ کیا گیا ہے۔ 
عرب اتحاد نے بیان میں کہا کہ’ یمن میں انسانی امور کے رابطہ کارعالمی دفتر کے ماہرین کی ٹیم جلد مزید معلومات کے تبادلے کے لیے عرب اتحاد کے عہدیداروں سے ملاقات کرے گی‘۔ 

عرب اتحاد نے یمن انسانی امور کے رابطہ دفتر کو ملاقات کی دعوت دی تھی(فوٹو ایس پی اے)

یاد رہے کہ عرب اتحاد برائے یمن نے یمن میں انسانی امور کے رابطہ دفتر اور ریڈ کراس کے نمائندوں کو ملاقات کی دعوت دی تھی۔
ترجمان نے بتایا تھا کہ’ یمن میں انسانی امور کے رابطہ کار سے صعدہ جیل پر حملے سے متعلق حوثیوں کے من گھڑت دعوؤں پر بات چیت ہوگی‘۔ 
العربیہ کے مطابق عرب اتحاد نے 28 جنوری کو بیان میں کہا تھا کہ صعدہ جیل پر حملہ نہیں کیا گیا۔ اس حوالے سے حوثی جو دعوے کررہے ہیں وہ رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔ 

عرب اتحاد نے  بیان میں کہا تھا کہ صعدہ جیل پر حملہ نہیں کیا گیا(فوٹو ایس پی اے)

عرب اتحاد کے ترجمان نے اطمینان دلایا تھا کہ چار مقامات ایسے ہیں جن پر حملے نہیں کیے جاسکتے۔ ان میں صعدہ کی جیلیں شامل ہیں حالانکہ حوثی دہشت گرد ان جیلوں کو بھی عسکری سرگرمیوں کے لیے استعمال  کررہے ہیں۔ 
عرب اتحاد کا کہنا تھا کہ عسکری آپریشنوں سے متعلق بین الاقوامی انسانی قانون کے اصولوں اور اس کے روایتی ضوابط کا پابند تھا، ہے اور رہے گا‘۔

شیئر: