Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی گلوکارہ کی سعودی تخلیقی خواتین کے گروپ میں شمولیت

مجھے یہاں آ کر اور سعودی خواتین سے مل کر بہت خوشی ہوئی ہے۔ فوٹو عرب نیوز
العلا کے مرایا کنسرٹ ہال میں جمعہ کو اپنے پروگرام کے بعد امریکی گلوکارہ و نغمہ نگار ایلیسیا کیز نے امریکہ میں سعودی عرب کی پہلی خاتون سفیر شہزادی ریما بنت بندر کے ساتھ مل کر مملکت میں تخلیقی خواتین کے ایک گروپ میں شمولیت اختیار کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق آف دی ریکارڈ ڈائیلاگ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی گلوکارہ نے سامعین کے سوالوں کے جواب دیئے اور مختلف تبصروں کے ساتھ پینل میں اظہار خیال کیا۔
اس موقع پر العلا کے آرٹ اینڈ  ڈیزائن سنٹر میں ایلیسیا کیز نے حاضرین کو بتایا کہ وہ  یہاں آ کر سعودی خواتین سے مل کر بہت خوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں یہاں بہت کچھ سیکھنے کے لیے آئی ہوں اور اس بات کو پسند کروں گی کہ آپ مجھے سکھائیں اور ہم ایک دوسرے کے ساتھ مل کر رہیں۔
امریکی گلوکارہ نے حاضرین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت یہاں پر موجود  ہم سب بہت خاص اور بہت اہم ہیں۔
اس موقع پر سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں موجود بہت سی خواتین جنہیں ہم  دیکھتے ہیں، چاہے وہ سٹیج پر ہوں یا آپ کے دائیں بائیں بیٹھی ہوں، ویسی ہی خواتین ہیں جن کے لیے پہلے یہ سب کچھ ممکن نہیں تھا۔
یہاں پر موجود مختلف پس منظر رکھنے والی سعودی خواتین نے اپنا اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے مختلف نوعیت کے سوالات کئے اور اپنی رائے کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کی قابلیت سے استفادہ کیا۔

العلا کے مرایا ہال میں ہونے والا یہ کنسرٹ اس سمت پہلا قدم ہے۔ فوٹو عرب نیوز

شہزادی  ریما  نے کہا کہ  اگر آپ کسی سے متاثر نہیں ہو رہیں تو آپ اس کی حوصلہ افزائی کریں۔آپ کسی کی سرپرست بن جائیں۔ اگر آپ کے پاس وسائل ہیں تو دوسروں کو ضرور فراہم  کریں۔
کسی بھی  کمیونٹی کو سخاوت اور مہربانی کا جذبہ ہی بہتری کی جانب لے جا سکتا ہے اور ہم سب یہی چاہتی ہیں۔
اسی طرح ہم خواتین ایک دوسرے کو اپنی صلاحیتں ابھارنے کی طرف راغب کر سکتی ہیں، اپنے آپ کو تسلیم کرا سکتی ہیں اور اپنے لیے جگہ بنا سکتی ہیں۔
اس موقع پر امریکی گلوکارہ ایلیسیا کیز کے شوہر گریمی ایوارڈ یافتہ پروڈیوسر قاسم داود المعروف سوئزبیٹز نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ سعودی عرب ہماری نئی تخلیقی صلاحیتوں کے لیے بالکل صحیح جگہ ہے۔

سخاوت اور مہربانی کا جذبہ ہی کسی کمیونٹی کو بہتری کی جانب لے جا سکتا ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

سوئز بیٹز نےعرب نیوز سے خصوصی بات کرتےہوئے کہا کہ ہم اپنے اچھے ارادوں اور بھرپور عزم کے ساتھ اس خطے میں موجود تخلیقی صلاحیتوں کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔ العلا میں ہونے والا یہ کنسرٹ اسی عزم کے پیش نظر ہے۔
ہمارا مقصد مملکت میں خواتین کی آواز کو ابھارنا ہے اور العلا کے مرایا ہال میں ہونے والا یہ کنسرٹ اس سمت پہلا قدم ہے۔
 

شیئر: