Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کھجوروں کی عالمی کونسل کے نئے سیشن کا سربراہ منتخب

مجلس عاملہ کے پانچ ارکان کا انتخاب بھی عمل میں آیا۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی کھجوروں کی عالمی کونسل نے مملکت کو نئے سیشن کا سربراہ منتخب کیا ہے۔ عالمی کونسل کے تاسیسی اجلاس میں سعودی عرب کو منتخب کیا گیا ہے۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر ماحولیات و پانی و زراعت عبدالرحمن الفضلی نے اجلاس میں کہا کہ اجلاس سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ 
’چاہتے ہیں کہ کھجور اور نخلستانوں سے تعلق رکھنے والے تمام مسائل حل کیے جائیں اور جو ممالک بھی کھجوروں اور نخلستانوں کے فروغ میں دلچسپی رکھتے ہوں وہ اس عالمی کونسل  کا حصہ بنیں۔‘ 
عبدالرحمن الفضلی نے کہا کہ کھجوروں کا شعبہ مملکت میں زرعی پیداوار میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ دس لاکھ ہیکٹر کے رقبے پر 85 لاکھ ٹن سے زیادہ کھجوریں پیدا ہو رہی ہیں۔ 

کھجور کی پیداوار کے حوالے سے بہت چیلنجز ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)

انہوں نے کہا کہ کھجوروں کی پیداوار کے حوالے سے کئی چیلنجز ہیں اور یہ مستقل نوعیت کے ہیں تاہم کھجوروں کی پیداوار بہتر بنانے اور بڑھانے کے مواقع بھی ہمارے پاس ہیں۔ مملکت نے کھجوروں کی مارکیٹنگ کے حوالے سے ہوم ورک کیا ہے اوراس کے خوشگوار نتائج بھی برآمد ہونے لگے ہیں۔ 
کھجوروں کی عالمی کونسل کے تاسیسی اجلاس میں متحدہ عرب امارات کو آئندہ 2 برس کے لیے ڈپٹی چیئرمین کے طور پر منتخب کیا گیا۔ مجلس عاملہ کے پانچ ارکان کا انتخاب بھی عمل میں لایا گیا۔
واضح رہے کہ عالمی کونسل میں سعودی عرب، امارات، فلسطین، صومالیہ، عمان، یمن، ماریطانیہ، لبنان، سوڈان، تیونس، بحرین شامل ہوچکے ہیں جبکہ اردن اور لیبیا  نے رکنیت قبول کر لی ہے۔ 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

شیئر: