Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ محمد بن سلمان اور قبرص کے صدر کی ملاقات، تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور قبرص کے صدر نے منگل کو قصر یمامہ میں سرکاری مذاکرات کیے ہیں۔
اس سے قبل قبرصی صدر مملکت کے دورے پر پہنچے تو سرکاری استقبال اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مذاکرات کے آغاز میں قبرصی صدر کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ وہ دوست ملک قبرص کی مزید ترقی اور خوشحالی کے آرزو مند ہیں۔ 

مملکت میں سرکاری استقبال اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ( فوٹو ایس پی اے)

قبرصی صدر نے شاہ سلمان کے لیے خیر سگالی کا پیغام دیتے ہوئے کہاکہ’ چاہتے ہیں کہ سعودی عرب ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رکھے‘۔
مذاکرات کے دوران قبرص اور سعودی عرب کے دوستانہ تعلقات، دو طرفہ تعاون اور مختلف شعبوں میں یکجہتی بڑھانے کے لیے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
علاوہ ازیں باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور اور اس حوالے سے مختلف سطحوں پر کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔ 

باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور کا جائزہ لیا گیا(فوٹو ایس پی اے)

اس موقع پر سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت و رکن کابینہ و مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر مساعد العیبان، وزیر تجارت اور قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی اور قبرص میں متعین سعودی سفیر خالد الشریف بھی موجود تھے۔  
قبرص کی جانب سے وزیر خارجہ، وزیر توانائی و تجارت و صنعت، نائب وزیر برائے  ایوان صدارت  اور مملکت میں متعین قبرصی سفیر شریک ہوئے۔

شیئر: