Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد نے نئے پہاڑی سیاحتی منصوبے’تروجینا ‘ کا اعلان کردیا

منصوبہ 2026 میں مکمل ہوگا جس سے پہاری سیاحت کو فروغ ملے گا(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی ولی عہد و نیوم بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین  شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیزآل سعود نے نیوم میں پہاڑی سیاحت کوفروغ دینے کےلیے نئے منصوبے ’تروجینا‘ کے قیام کا اعلان کردیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق سیاحت کوفروغ دینے کےلیے ’تروجینا‘ فرنٹ کے منصوبے کے اعلان کے حوالے سے ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا تروجینا فرنٹ کا قیام مملکت کے ویژن 2030 کے اہداف ومقاصد سے ہم آہنگ ہے۔
منصوبہ ماحولیاتی سیاحت کے اصولوں پرمبنی پہاڑی سیاحت کونئی جہت دینے میں انتہائی اہم کردار ادا کرے گاجس سے مملکت میں لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوگا اور انہیں صحت مندانہ ماحول میسرآئے گا , منصوبہ عالمی سطح پرتحفظ ماحولیات کے  حوالے سے ہماری کوششوں کو اجاگرکرے گا۔  

تروجینا فرنٹ کے قیام سے لوگوں کا معیار زندگی بھی بلند ہوگا(فوٹو، ٹوئٹر)

 دریں اثنا نیوم کمپنی کے سی ای او انجینئرنظمی النصر کا کہنا تھا کہ نیوم میں لانچ کیے جانے والا یہ منصوبہ انتہائی شاندار ہے جس کے تحت فطرت اور جدید ٹیکنالوجی کے اشتراک سے دنیا ایک نئے اورمثالی تجربے سے روشناس ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا نیے منصوبے سے نیوم سٹی کے مقاصد کو بھی تقویت ملے گی اور اس کی افادیت میں بھی غیر معمولی اضافے کا باعث بنے گاجس سے نیوم عالمی سطح پرایک مثالی ، مکمل اورپرکشش فرنٹ کے طورپرسامنے آئے گا۔
واضح رہے ’تروجینا ‘ ترقیاتی منصوبہ اپنی نوعیت کا انتہائی منفرد منصوبہ ہے جسے عالمی معیار کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ علاقہ قدرتی مناظر سے مالا مال ہے جسے جدید خطوط پراستوار کرکے عصر حاضر کی تمام سہولتوں سے مزین کیا جائے گا۔

صحرائی خطے میں سنوبورڈنگ کی سہولت منفرد تجربہ ہوگا(فوٹو، ٹوئٹر)

تروجینا منصوبے کے تحت کھلی فضا میں ’سنوبورڈنگ‘ کی سہولت فراہم کی جائے گی جو خطے میں بالعموم عرب ریاستوں میں بلخصوص منصوبے کی نمایاں خصوصیات می سے ایک ہوگا۔
اس تفریحی سہولت کی افادیت و اہمیت میں اضافہ اس لیے بھی ہوگا کہ ’سنوبورڈنگ‘ صحرائی اب وہوا میں پیش کیاجانے والا اپنی نوعیت کامنفرد تجربہ ہوگا۔  
مجوزہ پروگرام کے مطابق یہ فرنٹ سال 2026 میں مکمل ہوجائے گا جہاں سمندری ، پہاڑی اور صحرائی تفریحی گاہیں دنیا کے لیے باعث حیرت ہوگی۔

شیئر: