Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’او آئی سی کانفرنس اور یوم پاکستان پریڈ کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے‘

پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ  نے ہدایت کی ہے کہ ’اسلام آباد میں ہونے والے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس اور یوم پاکستان پریڈ کے پرامن انعقاد کے لیے جامع حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔‘
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے یہ بات منگل کو راولپنڈی میں کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کانفرنس میں انڈیا کی جانب سے میزائل فائر ہونے کے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ گو انڈیا نے اسے حادثاتی واقعہ قرار دیا ہے مگر اس کے نتیجے میں بڑی تباہی ہوسکتی تھی۔
 کور کمانڈرز کانفرنس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ غلطی کے انڈین اعتراف کے باوجود متعلقہ بین الاقوامی فورمز کو اس واقعے کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے اور انڈین سٹریٹجک اثاثوں کی حفاظت اور حفاظتی پروٹوکولز کی کڑی نگرانی کرنی چاہیے۔
کانفرنس میں کہا گیا کہ اس طرح کے خطرناک واقعات علاقائی امن اور تزویراتی استحکام کو شدید خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کو اہم عالمی، علاقائی پیش رفت، ملک میں داخلی سلامتی کی صورت حال اور مغربی بارڈر مینجمنٹ پر پیش رفت کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف پاکستانی فوج کے کامیابی سے جاری آپریشنز کو سراہا۔ فورم نے ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ 23 مارچ کو اسلام آباد میں ناصرف یوم پاکستان کی روایتی پریڈ ہورہی ہے بلکہ او آئی سی ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس بھی منعقد ہورہا ہے۔

آرمی چیف کی زیر صدارت کانفرنس میں انڈیا کی جانب سے میزائل فائر ہونے کے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا گیا (فوٹو: آئی ایس پی آر)

اس دوران ملک کی سیاسی صورت حال میں تناؤ کی کیفیت موجود ہے کیونکہ اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کروا رکھی ہے۔
حکومت کی جانب سے تحریک عدم اعتماد سے ایک روز قبل 27 مارچ کو ڈی چوک اسلام آباد میں 10 لاکھ افراد جمع کرنے کے اعلان کے بعد اپوزیشن نے بھی 23 مارچ کی شام اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے اور دونوں فریقوں کے درمیان کشیدگی کا خدشہ ہے۔

شیئر: