Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں رمضان کے دوران موسم کیسا رہے گا؟

موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے کہ رمضان کے دوران سخت گرمی کا امکان ہے( فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے رمضان کے دوران موسم کے حوالے سے توقعات جاری کی ہیں۔ اس سال رمضان گرمی کے موسم میں آرہا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق قومی مرکز نے بیان میں کہا کہ’ رمضان کے دوران سخت گرمی کا امکان ہے‘۔
 ’عام دنوں کے مقابلے میں رمضان میں درجہ حرارت بہت زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ مدینہ منورہ اورمکہ مکرمہ بھی سخت گرمی کی زد میں ہوں گے۔ سب سے زیادہ گرمی الشرقیہ اورریاض ریجنوں میں پڑنے کا امکان ہے‘۔
 قبل ازیں قومی مرکزکے ماتحت موسمیات کے ماہر ابوعبدالرحمن الصخری نے کہا تھا کہ ’رمضان میں آب و ہوا غیرمستحکم رہے گی۔ گرج چمک کے ساتھ بارش، گرد آلود ہواوں اور سرد لہر کا امکان ہے‘۔
ابوعبدالرحمن الصخری نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ’اس سال رمضان اپریل میں آرہا ہے۔ اس مہینے میں موسم گرمی مائل رہتا ہے۔ رات کے وقت نیز صبح اور شام کے وقت موسم معتدل ہو جاتا ہے‘۔
علاوہ ازیں موسمیات کے قومی مرکز کی رپورٹ کے مطابق مملکت کے پانچ علاقوں مدینہ منورہ، قصیم، ریاض، حدود شمالیہ اور الجوف میں بدھ کو دن بھر گرد آلود تیز ہوائیں چلتی رہیں۔
الجوف میں گرد آلود ہواوں کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی اطلاعات ہیں۔

شیئر: