Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کا ابحر بے موسم گرما کے مشہور سیاحتی مقامات میں سرفہرست

11 کلومیٹر طویل اس خلیج کے ساتھ بہت سے ریزورٹس اور ہوٹل بھی موجود ہیں۔(فوٹو: ایس پی اے)
جدہ کا ابحر بے اپنی طویل تاریخ کی وجہ سے مشہور سیاحتی مقامات میں سرفہرست ہے۔
یہ جدہ کے بہت سے خاندانوں اور سیاحوں کا پسندیدہ راستہ ہے جہاں وہ نرم ریت، معتدل درجہ حرارت، صاف پانی اور تازہ ہوا سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
مقامی حکام ساحل سمندر پر جانے والوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے خواہش مند ہیں اور وہ شہریوں کو ڈائیونگ، جیٹ سکینگ اور اسپیڈ بوٹس سمیت پانی کے مختلف کھیلوں میں حصہ لیتے وقت ضروری اقدامات سے آگاہ کر رہے ہیں۔
اس خلیج میں سرفنگ ذرا الگ انداز میں ہوتی ہے۔ اس لیے محفوظ طریقے سے کھیل سے لطف اندوز ہونے کے لیے لوگوں کا سمندر اور اس کی خصوصیات سے واقف ہونا ضروری ہے۔
ابحربے یا ابحر خلیج میں کئی کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوتے ہیں۔ یہاں میراتھن بھی سرکاری اور نجی اداروں کے زیر اہتمام منعقد ہوتی ہیں۔
کشتی رانی اور جیٹ سکائی مقابلے بھی سال بھر ہوتے رہتے ہیں اور 11 کلومیٹر طویل اس خلیج کے ساتھ بہت سے ریزورٹس اور ہوٹل بھی موجود ہیں۔
یہاں دستیاب سہولیات میں ساحل سمندر کے کنارے موجود بیٹھنے کے مقامات، کھیل کے میدان اور صارفین کے سامان اور ساحل سمندر کا سامان فروخت کرنے والے افراد شامل ہیں۔
ابحر بے میں اسکندریہ بیچ بھی ہے جو لوگوں خاص طور پر نوجوانوں کا پسندیدہ مقام ہے۔

خلیج کے پرکشش مقامات سعودی سمر 2021 کے پروگرام میں شامل ہیں جس کا عنوان ہے ’ہمارا موسم گرما اور آپ کا مزاج۔(فوٹو: ایس پی اے)

اسکندریہ بیچ کا ماحول خوبصورت اور صاف ہے جہاں سیاح مختلف طرح کی تفریح اور سہولیات سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
خلیج کے پرکشش مقامات سعودی سمر 2021 کے پروگرام میں شامل ہیں جس کا عنوان ہے ’ہمارا موسم گرما اور آپ کا مزاج‘ جو ستمبر کے آخر تک چلتا ہے۔
اس پروگرام میں 11 سیاحتی مقامات شامل ہیں جو قدرتی خوبصورتی، تنوع اور بہترین ماحول سے مالا مال ہیں۔
سعودی ٹورزم اتھارٹی اس پروگرام کے ذریعے نجی شعبے کے 250 سے زائد شراکت داروں کو  500 سے زائد سیاحتی تجربات فراہم کرنے کی خواہاں ہیں۔

شیئر: