Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ، وزیراعظم کا ایوان میں جانے کا فیصلہ  

تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ اتوار کو متوقع ہے۔ فوٹو پی آئی ڈی
حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے اپنی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے دن قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔  
ایک حکومتی ترجمان نے اردو نیوز کو تصدیق کی ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے وقت وزیراعظم عمران خان ایوان میں موجود ہوں گے۔  
واضح رہے کہ اتوار کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کا امکان ہے۔ اس سے قبل تحریک انصاف نے ووٹنگ کے روز اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
 ترجمان کے مطابق ’وزیراعظم عمران خان نے تمام ارکان قومی اسمبلی کو بھی کل کے اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔‘
تحریک انصاف کے ایک رکن اسمبلی نے بھی تصدیق کی ہے کہ اتوار کو ہونے والے اجلاس میں شرکت کی ہدایات ملی ہیں۔  
اپوزیشن اتحاد کو تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے روز 172 ارکان کی حمایت درکار ہے جبکہ اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ 190 ارکان سے زائد کی حمایت حاصل ہے۔  
خیال رہے کہ تحریک انصاف کے اہم اتحادی ایم کیو ایم پاکستان اور بلوچستان عوامی پارٹی حکومت کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ ق کے طارق بشیر چیمہ بھی حکومت سے علیحدہ ہو گئے ہیں۔  
اس کے علاوہ اپوزیشن اتحاد کو تحریک انصاف کے منحرف ارکان کی حمایت بھی حاصل ہے۔ 

وزیراعظم نے کہا تھا کہ ووٹنگ کے دن لاکھوں افراد ڈی چوک آئیں گے۔ فوٹو: اے ایف پی

تحریک انصاف کے کارکنان نے اتوار کو ڈی چوک پہنچنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
وزیراعظم عمران خان صحافیوں سے گفتگو میں کہہ چکے ہیں کہ اتوار کو تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے دن لاکھوں افراد ڈی چوک میں موجود ہوں گے۔  
اسلام آباد انتظامیہ نے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کا سامنے کرنے سے بچنے کے لیے اسلام آباد کے ریڈ زون جانے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا ہے۔ جبکہ ریڈ زون میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی جا رہی ہے۔  

شیئر: