Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکومت ختم ہوگئی، اپوزیشن سپریم کورٹ میں کیا کر رہی ہے: وزیراعظم

عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کے سپریم کورٹ جانے کی وجہ این آر او لینا ہے (فوٹو: روئٹرز)
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’اپوزیشن بار بار کہتی تھی کہ حکومت ختم ہو اور الیکشن دوبارہ ہوں تو اب جب ایسا ہو گیا ہے تو یہ سپریم کورٹ میں کیا کر رہی ہے۔‘
پیر کو پروگرام ’آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ‘ میں قوم سے مختصر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’ملک کی موجودہ صورتحال پر خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے جس سے میں قوم کو آگاہ کرنا چاہتا ہوں۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’اپوزیشن کہتی تھی کہ حکومت نااہل ہے، یہ عوام میں جائے گی تو انہیں انڈے مارے جائیں گے۔ اب جب الیکشن کا اعلان کر دیا گیا ہے تو یہ سپریم کورٹ میں کیا کر رہے ہیں؟‘
انہوں نے کہا کہ ’عوام کے پاس جا کر حکومت بنانا بہتر ہے یا ایک باہر کی سازش کا حصہ بن کر؟‘
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے سپریم کورٹ جانے کی وجہ این آر او لینا ہے۔ ’یہ لوگ چاہتے ہیں کہ اپنے لوگوں کو لا کر الیکشن کی طرف جائیں، ارکان خرید کر حکومت بنانا جمہوریت کی نفی ہے۔‘

عمران خان کا ریڈزون میں احتجاج کا اعلان

عمران خان نے آج پیر کو اسلام آباد کے ریڈزون میں احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’بیرونی سازش سے حکومت گرانے اور پارلیمنٹیرینز کی خریدوفروخت کے خلاف پُرامن احتجاج کریں گے۔‘
انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد لانے کا مقصد حکومت کو عدم استحکام سے دوچار کرنا تھا۔ ’انہیں فکر ہو گئی تھی کہ اگر حکومت نے اگلے ڈیڑھ سال پورے کر لیے تو ان کی سیاست کی دکان بند ہو جائے گی۔‘
عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ’ملکی معیشت کے اشاریے تاریخ کی بلند سطح پر ہیں، اپوزیشن کے ڈرامے کے باعث معیشت تباہ ہو رہی ہے۔‘
وزیراعظم نے واضح کیا کہ ’میں تمام ممالک سے دوستانہ تعلقات قائم کرنا چاہتا ہوں۔ نہ میں اینٹی امریکہ ہوں نہ اینٹی انڈیا ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’دوستانہ تعلقات میں جس بات پر اعتراض ہو اس سے انکار کر دیا جاتا ہے، میں قوم کے مفاد پر کبھی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔‘

شیئر: