Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جب بھی بزدار کو ہٹانے کی بات ہوتی، نیب آفس بلا لیتا: علیم خان

رکن پنجاب اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما علیم خان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر الزام عائد کیا ہے کہ ان کے دور میں تقرریوں اور تبادلوں کے لیے تین، تین کروڑ روپے لیے جاتے تھے۔
سوموار کو لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ ’اگر عمران خان مجھے جھوٹا ثابت کر دیں تو خود کو گولی مار لوں گا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو پی ٹی آئی کے پنجاب سے 183 ارکان اسمبلی میں سے ایک بھی ایسا بندہ نہیں ملا جسے وزیراعلیٰ بنایا جا سکتا۔
انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے نہیں، آپ نے پرویز الٰہی کو پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہا تھا۔‘
انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا ’اب پرویز الٰہی نیا پاکستان بنائیں گے۔‘
علیم خان نے خاتون اول کی دوست فرح کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ انہوں نے عثمان بزدار کے ذریعے کرپشن کی۔
ان کے مطابق ’میری معلومات ہیں کہ فرح اپنے شوہر کے ساتھ ملک سے نکل گئی ہیں۔‘
علیم خان نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پارٹی کے لیے سب سے زیادہ قربانیاں دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کوشش کی تھی کہ نئے پاکستان میں اپنا حصہ ڈال سکوں، اس کے لیے وسائل سے بڑھ کر بوجھ اٹھایا۔

علیم خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کے کے دھرنے میں کھانا اور دوسرا سامان پہنچایا (فوٹو: اے ایف پی)

علیم خان کے مطابق انہوں نے پی ٹی آئی کے 126 روز کے دھرنے میں کھانا، پانی اور ڈیزل پہنچانے کی ذمہ داری نبھائی۔
انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین نے بھی بہت مدد کی مگر ان کی بیٹیوں تک پر مقدمات بنائے گئے۔
علیم خان کے بقول وہ 2010 سے عمران خان کا ساتھ دے رہے تھے۔ ایم پی اے منتخب ہونے کے قوراً بعد انہیں کئی بار نیب آفس بلایا گیا۔
’جب بھی عثمان بزدار کو ہٹانے کی بات ہوتی، نیب آفس بلا لیا جاتا۔‘
انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا جو آپ کا ساتھ دے وہ محب وطن، جو نہ دے وہ غدار۔ ’جتنا میں آپ کو جانتا ہوں، کوئی اور نہیں جانتا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان میچ ہارتا دیکھ کر وکٹیں اکھاڑ کر بھاگ گئے ہیں۔
علیم خان کے مطابق عثمان بزدار کی کرپشن کے حوالے سے میسجز موبائل میں موجود ہیں اور وزیراعظم کے جواب بھی۔
’آپ نے بزدار کی محبت میں پارٹی کا شیرازہ بکھیر دیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ہم نے واضح کر دیا تھا کہ ہم وزارت اعلیٰ کے لیے چوہدری پرویز الٰہی کو ووٹ نہیں دیں گے۔

شیئر: