Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیکٹیریا کی شکایت، بیلجیئم میں چاکلیٹ فیکٹری بند کردی گئی

سلمونیلا بیکٹیریا کی ایسی قسم ہے جس سے انسان ڈائریا، بخار اور معدے کے درد میں مبتلا ہو سکتا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
امریکہ اور کئی یورپی ملکوں میں فوڈ پوائزننگ کا باعث بننے والے سلمونیلا کے کیسز سامنے آنے کے بعد بیلجیئم میں حکام نے کنڈر چاکلیٹ بنانے والی ایک فیکٹری کو بند کردیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکہ و یورپ میں حکام کو خدشہ ہے کہ سلمونیلا کے کیسز کی وجہ بیلجیئم کی فیکٹری کی چاکلیٹس تھیں۔
کنڈر چاکلیٹ کی فیکٹری اطالوی کمپنی فیریرو کی ملکیت ہے۔
بیلجیئم کی فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ فیکٹری کو بند کرنے کی ہدایت اس وقت جاری کی گئی جب یہ معلوم ہوا کہ تحقیقات کے لیے فیریرو کی جانب سے فراہم کی گئی معلومات نامکمل ہیں۔
اتھارٹی نے کمپنی کی جانب سے بیچی گئی مشہور کنڈر برانڈ چاکلیٹ کی پوری کھیپ مارکیٹ سے واپس اٹھانے کا بھی حکم دیا ہے جو یورپ میں ایسٹر کے تہوار سے قبل فیریرو کے لیے بہت بڑا دھچکہ ہے۔
بیلجیئم کے وزیر برائے زراعت ڈیوڈ کلارینول نے ایک بیان میں کہا کہ ’ایسے اقدامات کرنا آسان نہیں تاہم موجودہ حالات میں ایسا کرنا نہایت ضروری تھا۔‘
فیریرو کمپنی نے برطانیہ کے سٹورز کو بیچی گئی ایسی چاکلیٹس واپس منگوا لی تھیں جو بیلجیئم کے جنوب مشرقی قصبے آرلون کی فیکٹری میں تیار کی گئی تھیں۔
تاحال کمپنی کی مصنوعات میں بیماری کے جراثیم نہیں پائے گئے تاہم گذشتہ ہفتے بھی کئی یورپی ملکوں سے بیلجیئم کی فیکٹری میں تیار کردہ چاکلیٹ واپس منگوائی گئیں۔
سلمونیلا بیکٹیریا کی ایسی قسم ہے جس سے انسان ڈائریا، بخار اور معدے کے درد میں مبتلا ہوسکتا ہے۔

شیئر: