Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں دوسرے دن بھی گردو غبار،معمولات زندگی متاثر

جدہ (ارسلان ہاشمی ) گرد و غبار کے طوفان کی وجہ سے جدہ  میںدوسرے دن بھی شہری زندگی متاثر رہی ۔ اسکول دوسرے دن بھی بند رہے ۔ ائیر پورٹ پر فضائی آلودگی سے پروازوں کی آمد رفت میں کوئی فرق نہیں پڑا ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جدہ ، رابغ اور  اللیث میں دوسرے دن بھی موسم شدید غبار آلود رہا۔ بدھ کو صبح سے ہی گرد وغبار چھایا رہا ۔ وزارت تعلیم کی ہدایت کے مطابق اسکولوں  کی انتظامیہ نے  خراب موسم کی وجہ سے منگل کی شام ہی کو اعلان کر دیا تھا کہ بدھ کو اسکول بند رہیں گے ۔ جدہ میں گردو غبار کے طوفان کی وجہ سے جہاں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں وہاں ساحل بھی سنسان رہا ۔ شدید گردو غبار کی وجہ سے چند فٹ دور دیکھنا مشکل ہو گیا تھا ۔ مارکیٹیں مکمل طور پر بند رہیں ۔ شہر کے مختلف علاقوں میں قائم ائیر کنڈیشنڈ مارکیٹوں میں بھی لوگوں کی آمد ورفت کم رہی جس کی وجہ سے دکاندار بھی گھروں کو روانہ ہو گئے ۔ اس ضمن میں محکمہ شہری دفاع کی جانب سے شہریوں کو جاری کی گئی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ وہ افراد جنہیں سانس کی تکلیف ہے وہ انتہائی اشد ضرورت کے بغیر گھروں سے نہ نکلیں ۔ گھروں سے باہر جانے کی صورت میں طبی ماسک کا استعمال ضرور کریں تاکہ گردو غبار سے کسی قدر محفوظ رہا جاسکے ۔ گھروں کی کھڑکیوں کو مکمل طور پر بند رکھیں تاکہ گردو غبار سے بیمار افراد متاثر نہ ہوں ۔ 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

شیئر: