Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کو نکالنا ضروری تھا کیونکہ ملک کھائی میں گر رہا تھا: مریم نواز

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ شکر ہے کہ عمران خان سے ملک کی جان چھوٹی۔
بدھ کو صوابی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے سابق وزیراعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چار سال حکومت کرنے کے باوجود وہ چار سکینڈ بھی اپنی کارکردگی پر بات نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ جب کارکردگی کا کارڈ خالی ہو تو پھر جھوٹے خط کی ضرورت پڑی ہے۔ ’جھوٹا خط ایک بہانہ ہے، اس کا مقصد کارکردگی کو چھپانا ہے۔‘
مریم نواز نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کو نواز شریف نے نکالا ہے اور نہ کسی غیرملکی سازش نے، آپ کو اپنے ہی ارکان اسمبلی نے نکالا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ آج پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی بھی شیر کا ٹکٹ مانگ رہے ہیں۔
مریم نواز نے ایک بار پھر عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ ڈرامے بازی اور رونا دھونا بند کریں اور عوام کو بتائیں کہ چار سال میں کیا کچھ کیا ہے۔
انہوں نے سابق وزیراعظم کو ’قومی مجرم‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ چار سال ہیلی کاپٹر میں جھولے لیتے اور سرکاری خرچ پر بنی گالہ کو پالتے رہے۔
’فرح خان کے ذریعے قومی دولت لوٹی، بیت المال اور توشہ خانہ تک کو نہیں بخشا۔‘
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کو نکالنا اس لیے بھی ضروری تھا کیونکہ ملک کھائی میں گر رہا تھا۔
’آج پاکستان اس درخت کی مانند ہے جس کی کوئی جڑ سلامت نہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے 25 ہزار ارب کے قرضے لیے اور ایک اینٹ نہیں لگائی۔
’ہم سمجھ رہے تھے کہ ملک آئی سی یو میں ہے مگر ایک ماہ کی حکومت میں پتہ چلا ہے کہ وینٹی لیٹر پر آخری سانسیں لے رہا ہے۔‘

شیئر: