سعودی عرب کے نئے سیاحتی سفیر میسی نے جدہ کے تاریخی علاقے کا دورہ کیا
سعودی عرب کے نئے سیاحتی سفیر میسی نے جدہ کے تاریخی علاقے کا دورہ کیا
بدھ 11 مئی 2022 21:18
جدہ کے تاریخی علاقے کے جوہر، ورثے اور خوبصورتی سے سحر زدہ ہو گئے( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب کے نئے سیاحتی سفیر اورارجنٹینا کے فٹ بال لیجنڈ لیونل میسی نے سعودی عرب کی بڑھتی ہوئی ٹورزم انڈسٹری کو دکھانے کے لیے جدہ کے تاریخی علاقے کا دورہ کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق پیرس سینٹ جرمین اور ارجنٹینا فٹبالر خاندان کے ایک رکن اور ان کے کلب اور قومی ٹیم کے ساتھی لینڈرو پریڈس اور سعودی معاون وزیر سیاحت شہزادی ھیفا آل سعود بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
واضح رہے کہ سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے پیر کی رات مملکت پہنچنے پر لیونل میسی کا استقبال کرتے ہوئے انہیں سعودی سیاحت کا سفیر مقرر کیا تھا۔
احمد الخطیب نے ٹوئٹر پر فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’میں لیونل میسی اور ان کے دوستوں کو سعودی عرب میں منفرد چھٹییاں گزارنے کی دعوت دیتا ہوں۔ یہاں آ کر وہ بحیرہ احمر کے عجائبات دریافت کریں، جدہ سیزن اور اس کی عظیم تاریخ کو اپنی آنکھوں سے دیکھیں۔‘
احمدالخطیب نے کہا کہ ’یہ لیونل میسی کا مملکت کا پہلا اور نہ آخری دورہ ہو گا۔ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ میسی سعودی سیاحت کے سفیر ہوں گے۔‘
شہزادی ھیفا آل سعود نے منگل کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا ’آج سے پہلے میں نے میسی اور ان کے دوستوں کو جدہ کے تاریخی علاقے دکھاتے ہوئے بہت اچھا وقت گزارا۔ مجھے خوشی ہے کہ میسی جدہ کے تاریخی علاقے کے جوہر، ورثے اور خوبصورتی سے سحر زدہ ہو گئے۔‘
میسی اور ان کے دوستوں نے پرانے جدہ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا، اس کے قدیم نشانات سے واقف ہوئے جو اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم کی ورثے کی فہرست میں درج ہیں۔
یاد رہے کہ محکمہ سیاحت کے ایگز یکٹیو چیئرمین فہد حمید الدین کا کہنا ہے کہ مملکت کی کوشش ہے کہ اس سال 70 ملین سیاح سعودی عرب آئیں جب کہ گزشتہ سال 62 ملین سیاحوں کا ہدف حاصل کیا گیا تھا۔