Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افسوس، سازش روکنے والوں نے کچھ نہیں کیا: عمران خان

عمران خان نے کہا کہ ’میں نے شوکت ترین کو ان کے پاس بھیجا جو خود کو نیوٹرل کہتے ہیں‘ (فوٹو: عمران خان ٹوئٹر)
سابق وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر مبینہ دھمکی آمیز خط کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’جب مجھے اس سازش کا پتا چلا تو ان لوگوں کے پاس گیا جو سازش روک سکتے تھے لیکن افسوس کی بات ہے کہ سازش روکنے والوں نے کچھ نہیں کیا۔‘
جمعے کو مردان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’میں نے شوکت ترین کو ان کے پاس بھیجا جو خود کو نیوٹرل کہتے ہیں اور انہیں بتایا گیا کہ سازش کامیاب ہوئی تو معیشت تباہ ہوجائے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مجھے پتا ہے کہ میری حکومت کے خلاف کن کن میڈیا ہاؤسز پر پیسہ لگ رہا تھا۔‘
عمران خان نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس آف پاکستان ایک کمیشن بنائیں اور پوچھیں کہ ہمارے ملک سے کس نے غداری کی ہے تاکہ پوری قوم کو پتا چلے میر صادق اور میر جعفر کون ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’امریکہ میں ایک چھوٹا سا ملازم ہمارے سفیر کو بلاتا ہے اور کہتا ہے کہ عمران خان کو ہٹا کر چیری بلاسم کو بٹھایا تو معاف کردیا جائے گا۔ ہم امریکہ کے غلام نہیں ہیں۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’وہ کہتے ہیں جو بھی مدد کی اس کی ایک قیمت ہوگی، پاکستانیو! وہ قیمت تمہاری آزادی ہوگی۔‘
انہوں نے جلسے میں شریک پی ٹی آئی کے حامیوں سے اپیل کی کہ جب کال دوں تو اسلام آباد آنا ہے۔ قوم سے کہتا ہوں کہ کال دوں تو خوف کی زنجیریں توڑ کر اسلام آباد آئیں۔‘
انہوں نے خبردار کیا کہ ’اگر الیکشنز کی تاریخ نہ دی تو اسلام آباد آنے والا سمندر سب بہا کر لے جائے گا۔‘
سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ ’جب ہمیں حکومت ملی تو چور 10 سال حکومت کرچکے تھے، ان لوگوں نے اداروں کو تباہ کیا اور معیشت کا بیڑہ غرق کیا۔ یہ لوگ خود امیر ہوگئے اور ملک کو غریب کرگئے۔‘ 
انہوں نے بتایا کہ ’ہمارے پاس قرض ادا کرنے کے لیے پیسے نہیں تھے۔ دوست ممالک سے پیسے مانگے اور پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا۔
وزیراعلٰی پنجاب حمزہ شہباز پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں فرد جرم عائد ہونے جا رہی تھی لیکن حمزہ شہباز نے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رضوان کو دھمکیاں دیں اور ان پر اتنا دباؤ ڈالا کہ وہ انتقال کرگئے۔‘
عمران خان نے مزید کہا کہ ’موجودہ چیف الیکشن کمشنر کے ہوتے ہوئے شفاف انتخابات نہیں ہوسکتے۔ ’لوٹوں کو بچایا گیا تو قوم آپ کے خلاف بھی نکلے گی۔‘

شیئر: