Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب: 2022 کی پہلی سہ ماہی میں 57.5 ارب ریال کا ریکارڈ فاضل بجٹ  

بجٹ میں فاضل آمدنی کا تخمینہ 90 ارب ریال تک کا لگایا گیا تھا( فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کے قومی بجٹ میں 6 برس میں پہلی باراخراجات سے زیادہ ریکارڈ آمدنی ہوئی ہے۔ 2022 کی پہلی سہ ماہی کے دوران 57.5 ارب ریال کا سرپلس بجٹ دیکھنے میں آیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی  ایس پی اے اور الاقتصادیہ کے مطابق سعودی وزارت خزانہ نے 2016 کے آغاز سے بجٹ کی سہ ماہی رپورٹ کی روایت شروع کی ہے۔ 
یاد رہے کہ 2022 کے قومی بجٹ میں فاضل آمدنی کا تخمینہ 90 ارب ریال تک کا لگایا گیا تھا۔ تیل کے نرخ بڑھنے سے سال رواں کی پہلی سہ ماہی میں فاضل بجٹ 57.5 ارب ریال ہوگیا۔ 
سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران 220.5 ارب ریال کے اخراجات ہوئے اور آمدنی 278 ارب ریال تک پہنچ گئی۔ 
2016 کی پہلی سہ ماہی سے لے کر2022 کی پہلی سہ ماہی کے آخر تک بجٹ کے اعدادوشمار سے پتہ چلتا ہے کہ صرف  تین سہ ماہی ایسی گزری ہیں جن میں فاضل بجٹ دیکھنے میں آیا۔
2019 کی پہلی سہ ماہی میں 27.8 ارب ریال، 2021 کی تیسری سہ ماہی میں 6.7 ارب ریال اور سال رواں 2022 کی پہلی سہ ماہی میں 57.5 ارب ریال فاضل بجٹ کے طور پر ریکارڈ کیے گئے۔ 
سال رواں کی پہلی سہ ماہی میں سعودی بجٹ کو جو آمدنی ہوئی اس میں 33.9 فیصد کا تعلق تیل کے ماسوا ذرائع سے ہے۔ تیل سے 183.699 ریال کی آمدنی ہوئی ہے۔ 

شیئر: