Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کلبھوشن کے معاملے میں قانونی تقاضے پورے کئے ،دفتر خارجہ

اسلام آباد .... دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا ہے کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ہندوستانی جاسوس کلبھوشن یادو کے حوالے سے تفصیلی اور جامع موقف دیا ہے۔ کلبھوشن ریاست کے خلاف تخریبی کارروائیوں سمیت یہاں دہشت گردی پھیلانے میں بھی مصروف عمل تھا۔ ٹی وی انٹرویو میں ترجمان نے کہا کہ کلبھوشن کے خلاف کارروائی اپنے نظام کے تحت ملکی قانونی و آئینی تقاضے پورے کرتے ہوئے عمل میں لائی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ صرف کلبھوشن کا ہی نہیں بلکہ ہند کا پاکستان میں دہشت گردی کی معاونت کا ہے جس میں اس کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ ہند پاکستان میں نہ صرف دہشت گردی میں ملوث تھا بلکہ یہاں تخریب کاری کی کارروائیوں سمیت دہشت گردوں کی مالی معاونت بھی کر رہا تھا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کلبھوشن کے معاملے پر ہند کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں کیونکہ دونوں ملکوں کے درمیان ایک ایسا معاہدہ بھی موجود ہے جس کے تحت گرفتار یا سزا پانے والے افرادکا معاملہ میرٹ پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرنل حبیب کو نیپال نے ملازمت کے لئے بلایا تھا جہاں ان کا انٹرویو تھا اس لئے نیپال حکومت سے رابطہ کیا ہے۔

 

شیئر: