Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں گرد وغبار کا طوفان مزید دو دن جاری رہے گا

طوفان سے مملکت کے جنوبی علاقے متاثر ہونے کا امکان ہے( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کے ترجمان حسین القحطانی نے کہا کہ ’ان دنوں مملکت کے متعدد علاقوں میں جو گرد و غبار کا طوفان آیا ہوا ہے وہ مزید دو روز تک جاری رہے گا۔‘
العربیہ چینل کے پروگرام ’نشرۃ الرابعہ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے حسین القحطانی نے کہا کہ ’گرد و غبار کے طوفان سے مملکت کے جنوبی علاقے متاثر ہونے کا امکان ہے۔‘ 
انہوں نے کہا کہ ’آئندہ سنیچر کو گرد و غبار کا نیا طوفان شروع ہوگا۔ قومی مرکز کے ماہرین اس طوفان میں پیدا ہونے والی تبدیلیوں پر مسلسل نظر رکھیں گے۔‘ 

گرد و غبار کے باعث سانس کے مریضوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں( فوٹو: عرب نیوز)

یاد رہے کہ سعودی عرب کا وسیع رقبہ گرد و غبار کی زد میں ہے جس کے باعث بعض علاقوں میں حد نگاہ صفر تک ہے۔
 وزارت ٹرانسپورٹ نے ہائی وے کے مسافروں کو طوفان سے خبردار کیا ہے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ ’مدینہ منورہ، قصیم ہائی وے کا سفر انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے جہاں طوفان کی وجہ سے حد نگاہ صفر ہے‘۔
 مختلف علاقوں میں گرد و غبار کے طوفان کے باعث سانس کے مریضوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔
سعودی ہلال احمرکی ٹیموں نے تنفس کے درجنوں مریضوں کو حالت بگڑنے پر ہسپتال منتقل کیا جبکہ دیگر کو موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی کی ہے۔

شیئر: