Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئندہ الیکشن میں اوورسیز پاکستانی ووٹ کا حق استعمال کرسکیں گے؟

مجوزہ قانون کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق حاصل ہے تاہم اس کا طریقہ کار طے ہونا ابھی باقی ہے (فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان)
موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی یا قبل ازوقت انتخابات ہوں گے؟ اس حوالے سے فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔
تاہم آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے حکومت کی جانب سے مسلسل انتخابی اصلاحات پر زور دیا جارہا ہے جس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق ترمیم بھی شامل ہے۔ 
گذشتہ برس نومبر میں تحریک انصاف کی حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سمیت متعدد انتخابی اصلاحات کے بل پارلیمنٹ سے منظور کروائے تھے۔
مجوزہ قانون کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق حاصل ہے تاہم اس کا طریقہ کار طے ہونا ابھی باقی ہے۔  
الیکشن کمیشن اوورسیز پاکستانیوں کا ووٹ ڈلوانے کے لیے کس حد تک تیار ہے؟  
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا طریقہ کار اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ملک میں عام انتخابات کے انعقاد کے لیے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ قائم کیا گیا ہے جو کہ مختلف طریقہ کار پر غور کر رہا ہے۔  
الیکشن کمیشن کے حکام نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے کا طریقہ کار طے کرنے کے لیے آئی ووٹنگ سمیت مختلف آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔‘
’اس سلسلے میں کمیشن نے ایک یونٹ بھی قائم کردیا ہے جس میں مارکیٹ سے آئی ٹی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔‘ 


حکام کے مطابق ’یہ کمیٹی نادرا کے ساتھ مل کر ایک محفوظ طریقہ کار بنانے پر غور کر رہی ہے اور محفوظ ترین آپشنز پر مشتمل رپورٹ کمیشن کے سامنے رکھی جائے گی جس کے بعد الیکشن کمیشن بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ووٹ ڈالنے کے طریقہ کار وضع کردے گا۔‘ 
الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ ’اس وقت آئی ووٹنگ کے علاوہ موبائل ایپلی کیشن، الیکشن کمیشن پر ویب سائٹ کے علاوہ ایسے آپشنز پر بھی غور کیا جارہا ہے جس میں ٹیکنالوجی یا انٹرنیٹ کا استعمال نہ کرنا پڑے۔‘
’سفارت خانوں میں پولنگ بوتھ بنانے اور پوسٹل بیلٹ کا طریقہ کار اپنانے کے حوالے سے بھی مختلف آپشنز زیر غور ہیں۔‘ 
حکام الیکشن کمیشن کے مطابق پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ اس حوالے سے نادرا کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے اور جلد ہی اس حوالے سے فیصلہ کرلیا جائے گا۔  
دوسری جانب اتحادی حکومت نے اعلان کر رکھا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سمیت متعدد انتخابی قوانین میں ترامیم کے بغیر آئندہ عام انتخابات ممکن نہیں۔

پی ٹی آئی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا بل پارلیمنٹ سے منظور کروایا تھا (فائل فوٹو: قومی اسمبلی ٹوئٹر)

اس سلسلے میں تحریک انصاف کے منحرف رکن نور عالم خان نے قومی اسمبلی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے قانون میں ترمیم کا بل بھی پیش کر رکھا ہے۔  
واضح رہے کہ یہ بل ایک نجی بل ہے تاہم سپیکر قومی اسمبلی نے اس بل کو انتخابی اصلاحات کمیٹی کے سپرد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب نور عالم خان نے اپنے بل پر وضاحت دی ہے کہ ان کا بل بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے ووٹ کا حق واپس لینے سے متعلق نہیں بلکہ دہری شہریت رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق ہے۔ 

شیئر: