Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سماجی تنظیم حیدر آباد ایسو سی ایشن کاریاض میں قیام

نائب وزیر خزانہ عبد العزیز الرشید کے علاوہ ہندوستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی 
 
ریاض ( کے این واصف )سماجی تنظیم حیدرآباد ایسوسی ایشن دمام نے اپنے دائرے کو وسیع کرتے ہوئے ریاض میں بھی شاخ قائم کی ۔ حیدرآباد دکن ایسوسی ایشن دمام ایک عرصہ سے منطقہ شرقیہ میں سماجی سرگرمیاں انجام دے رہی ہیں جس کے چیئرمین پروفیسر مرزا اظہر بیگ ہیں ۔ ایسوسی ایشن کی ریاض برانچ کے قیام کا باضابطہ اعلان ایک شاندار تقریب میں کیا گیا ۔ مقامی ہوٹل میں منعقدہ اس تقریب میں مملکت سعودی عرب کے نائب وزیر خزانہ عبدالعزیز محمد الرشید اور معروف ہندوستانی صنعتکار ڈاکٹر ندیم ترین نے مہمانان خصوصی کی حیثیت میں شرکت کی ۔ تقریب کا آغاز عنیز ہاشم کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ نظامت کے فرائض محمد صادق نے انجام دئیے ۔  نائب وزیر الرشید نے اس موقع پر اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ سعودی عرب کی تعمیر میں ہندوستانی باشندوں کا بڑا حصہ ہے جن میں حیدرآباد یوں کی ایک بڑی تعداد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک منظم اور امن پسند کمیونٹی ہے ۔ انہوں نے حیدرآباد ایسوسی ایشن کے ساتھ نیک خواہشات کااظہار بھی کیا ۔ ہندوستانی کمیونٹی کی معروف شخصیت ڈاکٹر ندیم ترین نے کہا کہ مجھے یہ سنکر بے حد مسرت ہوئی کہ حیدرآباد ایسوسی ایشن یہاں اور وطن میں تعلیمی سرگرمیوں میں عملی طور پر بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سماجی خدمت کسی بھی کمیونٹی کی ترقی اور کامیابی میں اہم رول ادا کرتی ہے ۔ ابتداء میں چیئرمین حیدرآباد ایسوسی ایشن پروفیسر اظہر بیگ نے خیر مقدم کیا اور پاور پوائنٹ کے ذریعہ ایسوسی ایشن کی سرگرمیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے ایسوسی ایشن کی ریاض برانچ کے اراکین کا اعلان بھی کیا جس کی تفصیل اس طرح ہے کہ محمد عبدالرحمان صدر ، محمد ہاشم اور عمر خاں نائب صدر ، فیروز خان مشیر اعلیٰ اور محمد نصیر سرپرست جبکہ اراکین عاملہ میں محمد خلیل احمد ، محمد بختیار ، ارشاد احمد خاں ، محمد اظہر ، ایم اے متین ، ایس اے شکور ، محمد ابراہیم ، عبدالرحمان شیخ اور سعید شیخ شامل ہیں ۔ اس محفل میں انڈین کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ نائب صدر عمر خان کے ہدیہ تشکر پر محفل کا اختتام عمل میں آیا ۔ 
 
 

شیئر: