Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف نے عمران خان کو الیکشن کی تاریخ دینے سے انکار کر دیا: مریم نواز

مریم نواز نے عمران خان پر طنز کرتے ہوئے کہا ’وہ لوگوں کو دھرنے کا جھانسہ دے کر بنی گالہ واپس چلے گئے۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے انتشار اور فتنہ مارچ کو ’ایبسولوٹلی ناٹ‘ کہہ کر مسترد کر دیا۔
اتوار کو مانسہرہ میں جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا ’میں وعدہ کرتی ہوں کہ عمران خان نے نااہلی سے پاکستان کے سینے پر جو زخم لگائے ہیں، شہباز شریف اور نواز شریف اپنی محنت سے وہ زخم بھر کر جائیں گے۔‘
مریم نواز نے دعویٰ کیا جب عمران خان نے دیکھا کہ لانگ مارچ کامیاب نہیں ہو رہا، عوام ان کے انتشار پر کان نہیں دھر رہے اور لانگ مارچ ناکام ہو گا تو ’انہوں نے نواز شریف کے پاس اپنے بندے بھیجے کہ وہ لانگ مارچ نہیں کرنا چاہتے، الیکشن کی تاریخ کا اعلان کریں۔‘
’جواب میں نواز شریف نے کہا وہ کسی کی دھونس یا کسی جتھے کی دھمکیوں میں نہیں آئیں گے۔ عمران خان جتنے لانگ مارچ کرنے ہیں کرو حکومت ختم نہیں ہو گی۔‘
مریم نواز کا کہنا تھا ’دیکھو مانسہرہ والو یہ (عمران خان) جسے انقلاب کا نام دیتے ہیں وہ اس لیے بھی ناکام ہو گیا کیونکہ قوم کے بچے سڑکوں پر تھے جبکہ عمران خان کے بچے لندن میں ہیں۔‘
انہوں نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا ’انقلاب اس لیے ناکام ہوا کہ انقلاب ہیلی کاپٹر سے نہیں آیا کرتا۔ انقلاب سرکاری گاڑیوں میں بیٹھ کر نہیں آتا۔ انقلاب پیرا شوٹ سے لینڈ نہیں کرتا۔ انقلاب آدھے راستے سے یوٹرن لے کر بنی گالہ جانے سے نہیں آتا۔‘
مریم نواز نے عمران خان پر طنز کرتے ہوئے کہا ’وہ لوگوں کو دھرنے کا جھانسہ دے کر بنی گالہ واپس چلے گئے۔ اتنے آنسو لوگوں کی آنکھوں میں گیس سے نہیں آئے جتنے عمران خان کے دھوکے کی وجہ سے آئے ہیں۔‘

مریم نواز کا کہنا تھا ’دیکھو مانسہرہ والو یہ (عمران خان) جسے انقلاب کا نام دیتے ہیں وہ اس لیے بھی ناکام ہو گیا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے سابق وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ’سپرپاور کو ڈراوے دینے والا گرفتاری کے خوف سے پشاور کے بنکر میں چھپ کر بیٹھا ہے۔‘
انہوں نے گزشتہ روز سابق صدر آصف علی زرداری اور بزنس ٹائیکون ملک ریاض کی سامنے آنے والی مبینہ آڈیو لیک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ’ایک آڈیو ٹی وی پر لیک ہوئی۔ جس میں بھی یہ (عمران خان) دونمبری کر رہے تھے۔ زرداری صاحب کے پاؤں پکڑ رہے تھے۔ جب انہوں نے دیکھا کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے جا رہی ہے تو لوگوں کو کہتے رہے کہ ڈٹ کر کھڑا ہے کپتان لیکن اصل میں اس وقت پاؤں پڑا تھا کپتان۔‘

’آٹے کا 10 کلو کا تھیلا 400 روہے کا ملے گا‘

جلسے سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہمیں بڑی مجبوری اور دل پر پتھر رکھ کر پیٹرول کی قیمتیں بڑھانی پڑیں لیکن اس کے ساتھ آٹھ کروڑ لوگوں کو سبسڈی بھی دی۔
انہوں نے کہا ’عمران نیازی نے اپنے آخری دنوں میں تیل کی قیمتیں کم کیں، دنیا میں تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی تھیں۔‘
’انہوں نے ایسا صرف اس لیے کیا کہ انہیں پتہ تھا کہ وہ آئینی طریقے سے گھر جا رہے ہیں۔ انہوں نے ہمارے لیے جال پھینکا، ہمیں مجبوراً قیمتیں بڑھانی پڑیں۔‘
وزیراعظم نے اپنے اعلان کردہ ریلیف پیکج کا دوبارہ ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں عوام کی تکلیف کا پتہ ہے اسی لیے میں نے آٹھ کروڑ لوگوں کے لیے 28 ارب روپے ماہانہ کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا۔‘

مریم نواز نے کہا ’عمران خان نے نواز شریف کے پاس اپنے بندے بھیجے کہ میں لانگ مارچ نہیں کرنا چاہتا الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرو۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

شہباز شریف کا کہنا تھا میں نے دو ہفتے قبل کہا تھا کہ اگر خیبر پختونخوا حکومت آٹا سستا کرتی ہے تو ٹھیک ورنہ پھر میں جو ریٹ پنجاب میں 10 کلو آٹے کے تھیلے کا ہے 490 میں وہ کروں گا۔
’خیبر پختونخوا حکومت نے مجھے جواب تک نہیں دیا۔ کل یا پرسوں سے پورے پاکستان میں بشمول خیبر پختونخوا آٹے کا 10 کلو کا تھیلا 400 روہے کا ملے گا۔‘

شیئر: