Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان پاکستان کی بربادی کا ذمہ دار ہے تو اس کا نام لوں گی، مریم نواز

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کا نام لیتے ہوئے بھی تکلیف ہوتی ہے، لیکن یہ شخص پاکستان کی بربادی کا ذمہ دار ہے تو میں اس کا نام لوں گی۔
سنیچر کو لاہور میں سوشل میڈیا ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے عمران خان کے گزشتہ روز ملتان جلسے سے خطاب کے حوالے سے کہا کہ ’عمران خان نے اپنی تقریر میں جو باتیں کیں۔ میں کہتی ہوں مجھے اس کا نام لیتے ہوئے بھی تکلیف ہوتی ہے، لیکن یہ شخص پاکستان کی بربادی کا ذمہ دار ہے تو میں اس کا نام لوں گی جو اس کرسی پر چار سال رہا۔ جو اس تباہی اور بربادی کا نام ہے۔ مجھے عمران خان کا نام لینا پڑتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کے پاس اپنی چار سالہ کارکردگی کا کوئی جواب نہیں تھا تو انہوں غیر اخلاقی حملہ کیا۔ میں نے تو آپ پر کوئی غیر اخلاقی حملہ نہیں کیا۔ میں نے اپنا حملہ ایشوز کی بنیاد پر رکھا۔‘
’جس طرح سے عوام اور قومی قیادت کا رسپانس آیا تو مجھے بہت خوشی ہوئی کہ مشرقی، معاشرتی اور اخلاقی اقدار ابھی زندہ ہیں۔‘
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعظم عمران خان  ملتان جلسے میں مریم نواز کے خلاف اپنی تقریر میں نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر تنقید کی زد میں ہیں۔ 
انہوں نے اپنی تقریر کے دوران مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’مریم نواز نے تقریر میں اتنی مرتبہ جذبے اور جنون سے میرا نام لیا کہ میں اس کو کہنا چاہتا ہوں کہ مریم! دیکھو تھوڑا دھیان کرو، کہیں تمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے۔‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’عمران خان نے میرے بارے میں جو نازیبا الفاظ استعمال کیے مجھے اس پر کوئی حیرت نہیں ہوئی۔ وہ میرے والد کی عمر کے ہیں اور دیکھیں انہوں نے بات کیا کی۔ آپ نے مجھ پر نہیں پاکستان کی ماؤں اور بیٹیوں پر اٹیک کیا۔‘
انہوں نے سابق وزیراعظم کو مہنگائی کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان کہتے ہیں کہ سری لنکا کے صدر نے مہنگائی ختم کرنے کا طریقہ بتایا۔ انہوں نے ہر چیز مہنگی کر دی۔ ن لیگ نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کی۔‘
مریم نواز نے کہا کہ ’عمران خان ابھی بھی لاڈلا ہے۔ نواز شریف اس سسٹم کا لاڈلا نہیں ہے وہ عوام کا لاڈلا ہے۔ عمران خان نے ڈھٹائی سے آئین کو روندا۔‘
’ان کے خلاف کچھ نہیں ہو رہا۔ یہ حرکت مریم نواز، شہباز شریف اور نواز شریف نے کی ہوتی تو ہماری لاشیں چوک میں لٹکی ہوتیں۔‘
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف اور شہباز شریف قیمیتیں بڑھانے سے ڈرتے ہیں، کیونکہ غریبوں کے گھروں میں فاقے آ جائیں گے۔ کوئی درد رکھنے والا شخص قیمتیں نہیں بڑھائے گا۔‘

مریم نواز نے کہا کہ ’میں نے کبھی عورت کارڈ یا مظلومیت کارڈ نہیں کھیلا۔‘ (فوٹو: ٹوئٹر)

شیریں مزاری کو گرفتار کرنے کی کوئی وجہ ہوگی

مریم نواز نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر شیریں مزاری کی گرفتاری کے حوالے سے کہا کہ وہ شیریں مزاری کی گرفتاری پر خوش نہیں ہیں، لیکن ان کو گرفتار کرنے کی کوئی وجہ ہوگی۔
’مجھے ٹی وی سے پتا چلا کہ شیریں مزاری گرفتار ہوئی ہیں۔ مجھے خوشی نہیں ہوئی۔ بزدار حکومت میں مقدمہ درج ہوا۔ 800 کنال اراضی ہے جس کا بوگس کمپنی کے نام انتقال کروایا گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’انہیں اینٹی کرپشن کے ادارے نے گرفتار کیا تو کوئی وجہ ہوگی۔ میرے اوپر کوئی الزام نہیں تھا۔ مجھے چار مہینے اڈیالہ جیل بھیجا گیا۔‘​
’میں نے کبھی عورت کارڈ نہیں کھیلا۔ کبھی مظلومیت کارڈ نہیں کھیلا۔ آج تک میرے خلاف کوئی کیس ثابت نہیں کر سکے۔ انہوں نے میرے ساتھ جو بھی کیا میں کسی انتقام پر یقین نہیں کرتی۔‘
’شیریں مزاری کو الزام کو فیس کرنا چاہیے اور ثبوت دینے چاہیں۔ اگر وہ کامیاب ہو جاتی ہیں تو سب سے پہلے مریم نواز ان کے ساتھ کھڑی ہو گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’شیریں مزاری کوئی وزیراعظم تو نہیں ہیں۔ شہباز شریف آج عدالت میں پیش ہوئے۔ اگر آپ باعزت نکل آتی ہیں تو میں کھڑی ہوں گی۔

شیئر: