Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سندھ میں رجسٹرڈ گاڑیوں کے ٹرانسفر کا پراسیس اب گھر بیٹھے کیسے ممکن؟

سندھ میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی خرید و فروخت کرنے والے اب گھر بیٹھے آسانی سے گاڑی کی ملکیت تبدیل کر سکیں گے۔ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے حکومت سندھ کے اشتراک سے پاک آئی ڈی ایپ پر بائیو میٹرک تصدیق کی سہولت متعارف کرائی ہے۔
 اس کے ذریعے بیرون ملک مقیم شہری بھی اپنی گاڑی یا موٹرسائیکل کی قانونی خرید و فروخت کی کارروائی مکمل کر سکتے ہیں۔
نادرا کے ترجمان کے مطابق شہری اب آن لائن بائیو میٹرک تصدیق کروا سکتے ہیں اور اس کے بعد متعلقہ ایکسائز اور ٹیکسیشن دفاتر میں گاڑی ٹرانسفر کی باقی کارروائی مکمل کر سکتے ہیں۔ اس اقدام کے ذریعے نہ صرف وقت اور وسائل کی بچت ہوگی بلکہ قانونی پیچیدگیوں اور جعلسازی کے امکانات بھی کم ہوں گے۔
اس سے قبل محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ کی جانب سے گاڑی یا موٹرسائیکل کی ملکیت منتقل کرنے کے لیے مخصوص اور باقاعدہ طریقہ کار اپنایا گیا تھا، جس میں بائیو میٹرک تصدیق لازمی تھی۔ اس کے علاوہ قانونی ضوابط کی پیروی بھی ضروری تھی تاکہ خرید و فروخت کے عمل میں کسی قسم کی غیرقانونی مداخلت یا پیچیدگی پیدا نہ ہو۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق ملکیت کی منتقلی کے عمل میں کئی مراحل شامل ہیں۔ سب سے پہلے خریدار اور بیچنے والے کی شناخت کی بائیو میٹرک تصدیق نادرا یا ای سہولت سینٹر کے ذریعے کی جاتی ہے۔ اس کے بعد سٹامپ پیپر پر تحریری فروخت کا معاہدہ تیار کیا جاتا ہے، جس پر دونوں فریق دستخط کرتے ہیں۔
مزید برآں شہری سوک سینٹر کراچی یا کسٹمر سینڑ کلفٹن میں درخواست فارم جمع کرواتے ہیں اور مکمل شدہ دستاویزات فراہم کرتے ہیں۔ منتقلی کی مقررہ فیس اور ٹوکن ٹیکس بھی ادا کیے جاتے ہیں، جو آن لائن یا دفتر میں جمع کروائے جا سکتے ہیں۔ تمام دستاویزات کی تصدیق کے بعد باضابطہ رسید جاری کی جاتی ہے اور پانچ سے پندرہ دنوں کے اندر نیا سمارٹ رجسٹریشن کارڈ خریدار کے نام پر جاری کیا جاتا ہے۔

ایچ ایم شہزاد کا کہنا ہے کہ نادرا کی یہ آن لائن سہولت شہریوں کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے (فوٹو: اردو نیوز)

بیچنے والے کے لیے لازمی دستاویزات میں اصل رجسٹریشن بک یا سمارٹ کارڈ، قومی شناختی کارڈ کی کاپی، دستخط شدہ درخواست، فروخت کا معاہدہ، کلیئرنس سرٹیفکیٹ اور پاسپورٹ سائز تصویر شامل ہیں۔ خریدار کو سی این آئی سی کی کاپی، پاسپورٹ سائز تصویر، ویلیڈ وہیکل ٹیکس سرٹیفکیٹ، رہائش کا ثبوت جیسے یوٹیلیٹی بل یا کرایہ نامہ، اور گاڑی کے معائنہ کا سرٹیفکیٹ جمع کروانا ہوگا۔
محکمہ ایکسائز کے ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ یہ سہولت شہریوں کے لیے ایک بڑی آسانی ہے۔ ان کے مطابق بائیو میٹرک نظام بہتر کام کرے گا اور شہری آسانی سے اپنی گاڑی یا موٹرسائیکل اپنے نام منتقل یا بیچ سکیں گے۔ آن لائن سہولت کے ذریعے شہری بار بار دفاتر کا دورہ کیے بغیر قانونی کارروائی مکمل کر سکیں گے، جس سے وقت اور وسائل کی بچت ہوگی اور عمل مزید شفاف ہو جائے گا۔
آل پاکستان موٹر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایچ ایم شہزاد کا کہنا ہے کہ نادرا کی یہ آن لائن سہولت شہریوں کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، کیونکہ پہلے خرید و فروخت کے عمل میں متعدد وزٹ، فائلنگ اور کاغذی کارروائی کی ضرورت ہوتی تھی، جس سے وقت اور وسائل کا ضیاع ہوتا تھا۔

یہ سہولت پہلے مرحلے میں اسلام آباد میں متعارف کرائی گئی تھی اور اب سندھ میں بھی لاگو کی گئی ہے (فوٹو: اردو نیوز)

ان کا کہنا تھا کہ اب آن لائن بایومیٹرک تصدیق کے ذریعے یہ عمل تیز، محفوظ اور شفاف ہو جائے گا اور شہری قانونی پیچیدگیوں سے بچ سکیں گے۔
یاد رہے کہ یہ سہولت پہلے مرحلے میں اسلام آباد میں متعارف کرائی گئی تھی اور اب سندھ میں بھی لاگو کی گئی ہے۔ اس سے ملک میں مختلف شہروں میں رہنے والوں کے ساتھ ساتھ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بھی سہولت پیدا ہوئی ہے، اور وہ اپنے شہر یا ملک میں گاڑی کی خرید و فروخت یا ملکیت کی منتقلی بغیر کسی پیچیدگی کے انجام دے سکیں گے۔ اس اقدام سے نہ صرف شہری سہولت حاصل کریں گے بلکہ ای چالان کے معاملات اور دیگر قانونی امور بھی آسان ہوں گے۔
محکمہ ایکسائز کے ترجمان نے امید ظاہر کی کہ اس نئے نظام سے شہریوں کو قانونی تحفظ اور آسانی میسر آئے گی۔ ان کے مطابق اس اقدام سے سندھ میں گاڑیوں کی خرید و فروخت کے عمل کو تیز، محفوظ اور مؤثر بنانے میں مدد ملے گی، اور مستقبل میں دیگر ڈیجیٹل سروسز کے لیے بھی ایک مضبوط بنیاد قائم ہوگی۔

 

شیئر: