ایک امریکی شکاری نے چترال کے شاشا تھوسی کمیونٹی مینجڈ گیم ریزرو میں کشمیر مارخور کا کامیاب شکار کیا ہے۔
ڈویژنل فارسٹ آفیسر وائلڈ لائف چترال فاروق نبی نے اردو نیوز کو بتایا کہ کشمیر مارخور کا شکار تھوشی شاشا کنزرونسی میں منگل کو وائلڈ لائف ڈیپارمنٹ کے اہلکاروں کی نگرانی میں کیا گیا۔
شکاری نے ہنٹنگ کا پرمٹ 2 لاکھ 70 ہزار ڈالر یعنی 7 کروڑ 56 لاکھ پاکستانی روپے کی بولی لگا کر حاصل کیا تھا۔
مزید پڑھیں
-
ہسپانوی شکاری نے چترال میں سیزن کا دوسرا مارخور شکار کر لیاNode ID: 884306
-
وادی کیلاش میں کشمیر مارخور کا کامیاب شکار، مقامی شہریوں کا جشنNode ID: 886272
امریکی شکاری نے یہ شکار 510 میٹر کے فاصلے سے کیا۔ شکار کے سینگ کا سائز52 انچ تھا۔
فاروق نبی نے بتایا کہ امریکی شکاری اپنا نام ظاہر کرنا نہیں چاہتے۔
ان کا کہنا تھا کہ تھامس نے کشمیر مارخور کے شکار کا پرمٹ رواں سال ہونے والی اوپن بولی میں ہنٹر ایکسپرٹ نامی کمپنی کے ذریعے حاصل کیا تھا۔
فاروق نبی نے بتایا کہ شکاری نے ہنٹنگ کے لیے مارخور کا انتخاب اُس کے سینگوں کے سائز اور داڑھی نما اُبھار کی بنیاد پر کیا۔
خیال رہے کہ کشمیر مارخور کا شمار معدومیت کے خطرے سے دوچار جانوروں میں ہوتا ہے اور 1990 کی دہائی میں چترال میں اس کی آبادی چند سو رہ گئی تھی۔
اس کے بعد محکمہ وائلڈ لائف نے مختلف عالمی تنظیموں کے اشتراک سے اس کی کنزرویشن کے اقدامات شروع کیے اور کمیونٹی کی جانب سے اس کے شکار کو روکنے کے لیے ٹرافی ہنٹنگ متعارف کرائی گئی۔
اس سے حاصل ہونے والی آمدنی کا 80 فیصد کمیونٹی کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جاتا ہے۔ فاروق نبی کے مطابق ویلیج کنزرویشن کمیٹیاں یہ رقم خود خرچ کرتی ہیں۔
پاکستان میں مارخور خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال اور کوہستان، گلگت بلتستان میں استور اور بلوچستان میں کوہِ سلیمان کے علاقے میں پائے جاتے ہیں۔
پاکستان سائٹیز کا سگنیٹری ہے اور سائٹیز کا مقصد خطرے سے دوچار جنگلی جانوروں اور پودوں کی غیرقانونی اور غیر پائیدار تجارت کو روکنا ہے۔
سائٹیز نے پاکستان کو ہر سال مارخور کے شکار کے لیے 12 ایکسپورٹیبل ٹرافی ہنٹ پرمٹس جاری کرنے کی اجازت دی ہے۔

پاکستان میں یہ پرمٹس چار خیبر پختونخوا میں، چار گلگت بلتستان میں اور چار بلوچستان میں جاری کیے جاتے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں یہ پرمٹس ایک کوہستان میں جبکہ تین چترال میں جاری کیے جاتے ہیں۔ یہ پرمٹس ہر سال اکتوبر میں اوپن بولی کے ذریعے جاری کیے جاتے ہیں اور سب سے زیادہ بولی لگانے والے شکاریوں کو الاٹ کیے جاتے ہیں۔
ٹرافی ہنٹنگ کیوں کی جاتی ہے؟
محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق ٹرافی ہنٹنگ کی شروعات مارخور کے غیرقانونی شکار کو روکنے اور اُن کی نسل کو محفوظ بنانے کے لیے کی گئی تھی۔
وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ چترال کے ڈی ایف او فاروق نبی کا کہنا ہے کہ بنیادی طور پر ٹرافی ہنٹنگ کا مقصد مقامی کمیونٹی کی جانب سے مارخور کے غیرقانونی شکار کو روکنا ہے۔
’پہلے مقامی کمیونٹی مارخور کا غیرقانونی طریقے سے بے دریغ شکار کرتی تھی جس کی بنیادی وجہ غربت اور آگاہی کی کمی تھی، تاہم کنزرویشن اور ٹرافی ہنٹنگ کی شروعات کے بعد غیرقانونی شکار میں کمی آئی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ٹرافی کی رقم کا 80 فیصد مقامی کمیونٹی پر خرچ کیا جاتا ہے۔ مقامی تنظیم کے ذریعے یہ رقم صحت، صاف پانی اور دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔

‘مارخور کے شکار کی ایک اور وجہ بھے ہے ’مارخور کی جو نسل بوڑھی ہو جاتی ہے تو ان کی بریڈنگ کے نتیجے میں جو جانور پیدا ہوتے ہیں وہ جینیاتی طور پر کمزور ہوتے ہیں۔‘
فاروق نبی کہتے ہیں کہ اس لیے محکمہ وائلڈ لائف کی کوشش ہوتی ہے کہ ٹرافی ہنٹ میں بڑی عمر کے جانوروں کا شکار کرایا جائے تاکہ بوڑھے جانور ختم بھی ہوں اور ان کے بدلے میں مقامی کمیونٹی کو سہولیات کی فراہمی کے لیے رقم بھی میسر ہو۔‘
انہوں نے بتایا کہ چونکہ ٹرافی ہنٹنگ کی نیلامی ڈالروں میں ہوتی ہے تو یہ ملک کے لیے قیمتی زرِمبادلہ کمانے کا سبب بھی بنتا ہے۔
ٹرافی ہنٹنگ کا پرمٹ کب اور کیسے جاری کیا جاتا ہے؟
ٹرافی ہنٹنگ کے پرمٹس اوپن نیلامی کے ذریعے دیے جاتے ہیں۔ یہ نیلامی ہر سال اکتوبر میں کی جاتی ہے۔
چونکہ ٹرافی کی نیلامی ڈالر میں ہوتی ہے اس لیے عموماً اس (مارخور) کے پرمٹ کو غیرملکی شکاری ہی نیلامی میں حاصل کرتے ہیں۔نیلامی میں شکاریوں کی جانب سے آؤٹفٹرز حصہ لیتے ہیں جو کہ ایک طرح سے ٹھیکیدار ہوتے ہیں۔













