Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نمبر ون بننا ایک خواب ہے‘، بابراعظم

بابر اعظم ون ڈے اور ٹی 20 رینکنگ میں دنیا کے نمبر 1 بیٹر ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انڈین کرکٹر دنیش کارتک کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں نمبر ون بیٹسمین بننا چاہتے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف تین روزہ ون ڈے سیریز کی تیاریوں کے دوران جمعرات کو بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ون ڈے، ٹیسٹ اور ٹی 20 کرکٹ میں نمبر ون بیٹسمین بننا ان کا خواب ہے۔
کچھ دن قبل ’آئی سی سی ریویو‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انڈین کرکٹر دنیش کارتک نے بابر اعظم کے حوالے سے کہا تھا کہ پاکستانی کپتان دنیا کے نمبر ون بیٹر بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
’وہ ایک عمدہ خصوصیات کے حامل کھلاڑی ہیں جو اپنی بیٹنگ کے عروج پر ہیں اور ابھی آگے کچھ ٹیسٹ میچز بھی آ رہے ہیں۔‘
کارتک نے مزید کہا تھا کہ ’بابر اعظم تینوں فارمیٹس میں اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور وہ بھی مختلف پوزیشنوں پر بیٹنگ کر کے۔‘
ایک رپورٹر نے جب اس حوالے سے بابر اعظم سے سوال کیا تو انہوں نے کہا ’بحیثیت کھلاڑی ہر فارمیٹ میں نمبر ون بننا ایک خواب ہے اور اس کے لیے آپ کو اپنی توجہ مرکوز رکھنی پڑتی ہے اور سخت محنت کرنی پڑتی ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ آپ ایک یا دو فارمیٹس میں ٹاپ کھلاڑی بن جائیں تو کھیل کو آسان لینا شروع کر دیں۔‘
پاکستانی کپتان نے مزید کہا کہ اگر ایک بیٹسمین کو تینوں فارمیٹس میں نمبر ون بننا ہے تو اسے فٹنس کا خیال رکھنا پڑتا ہے کیونکہ ابھی آگے بہت کرکٹ ہے اور بیچ میں زیادہ وقفہ نہیں۔
بابر اعظم آئی سی سی کی ٹی 20 اور ون ڈے رینکنگز میں پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ ٹیسٹ رینکنگ میں ان کا نمبر پانچواں ہے۔
واضح رہے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آغاز آٹھ جون سے ہو رہا ہے۔
تینوں میچز پاکستان کے شہر ملتان میں 8، 10 اور 12 جون کو کھیلے جائیں گے۔

شیئر: