نئے تعلیمی سال کےلیے ٹرانسپورٹ کی سہولت، 30 ہزار بسیں اور گاڑیاں
وزارت تعلیم کے ماتحت ’رافد‘ ٹرانسپورٹ کمپنی انتظام کرے گی( فائل فوٹو الوطن)
سعودی عرب میں آئندہ تعلیمی سال کے دوران 30 ہزار بسیں اور گاڑیاں سکول کے طلبہ کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کریں گی۔
اس کا اہتمام وزارت تعلیم کے ماتحت ’رافد‘ ٹرانسپورٹ سروس ڈیولپمنٹ کمپنی کرے گی۔
اخبار 24 کے مطابق طلبہ کےلیے ٹرانسپورٹ کا انتظام نور سسٹم ویب سائٹ کے ذریعے کیا جائے گا۔ مملکت کےمختلف علاقوں میں 30 ہزار سے زیادہ بسیں اور گاڑیاں مختص ہیں۔207 فیلڈ انسپکٹرز ٹرانسپورٹ امور کی نگرانی کریں گے۔
رافد کمپنی کا کہنا ہے کہ بسوں کے خودکار نگراں نظام کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
ٹرانسپورٹ سروس میں اندراج کے لیے 200 ریال سالانہ فیس جمع کرانا ہوگی۔ درخواست کی منظوری کی صورت میں فیس واپس نہیں ہوگی تاہم درخواست مسترد ہونے یا ٹرانسپورٹ سروس فراہم نہ کرنے کی صورت میں جمع شدہ فیس واپس لی جاسکے گی۔
معذور طلبہ، سماجی کفالت نظام میں شامل خاندانوں کے بچے اور ان سکولوں کے طلبہ جن کا انضمام کیا گیا ہے اندراج کی فیس سے مستثنی ہوں گے۔
کمپنی نے والدین سے کہا ہے کہ وہ پہلی فرصت میں اپنے بچوں کا اندراج کرالیں۔ نشستوں کی تعداد محدود ہے۔ تمام درخواستوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ زیادہ ضرورت مند زمروں میں آنے والے طلبہ کو ترجیحی بنیادوں پر ٹرانسپورٹ سروس فراہم کی جائے گی۔